Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ایتھلیٹ خواتین نے 12 تمغے جیت لیے

پانچویں عرب ویمن سپورٹس ٹورنامنٹ شارجہ میں منعقد ہوا (فوٹو: سعودی گزٹ)
سعودی عرب کی ایتھلیٹ خواتین نے متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں منعقد ہونے والے عرب ویمن سپورٹس ٹورنامنٹ میں 12 تمغے اپنے نام کر لیے۔
سعودی گزٹ کے مطابق پانچویں عرب ویمن سپورٹس ٹورنامنٹ میں گھڑسواری، تیراندازی، ہائی جمپ، کراٹے اور مختلف کیٹیگری کی دوڑ کے مقابلے ہوئے۔
سعودی خواتین نے مختلف مقابلوں میں حصہ لیتے ہوئے بارہ تمغے حاصل کیے جن میں چھ چاندی اور چھ کانسی کے تمغے شامل ہیں۔

جیتے گئے تمغوں میں چھ چاندی اور چھ کانسی کے ہیں۔ (فوٹو: سعودی گزٹ)

شارجہ میں ہونے والےعرب ویمن سپورٹس ٹورنامنٹ میں سعودی خواتین کی گھڑسوار ٹیم میں شہزادی عنود بنت عبداللہ، لامہ العجمی، غالیہ الموسی اور فنون الحمیدان شامل تھیں۔ سعودی گھڑ سوار ٹیم نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔
ٹیم کی شاندار کارکردگی کے علاوہ شہزادی جواہر بنت عبد العزیز نے انفرادی مقابلے میں کانسی کا تمغہ جبکہ فنون الحمیدان نے چاندی کا تمغہ جیتا۔

نورا سعود نے 100میٹرکی رکاوٹوں کی دوڑ میں چاندی کا تمغہ جیتا (فوٹو: سعوی گزٹ)

ایتھلیٹکس مقابلوں میں سعودی خواتین ایتھلیٹس نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے چار تمغے جیتے۔
ایتھلیٹ نورا سعود نے 19 سیکنڈ میں 100میٹرکی رکاوٹوں کی دوڑ میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا ، رغد سلیمانی نے 5000 میٹر ریس میں چاندی کا تمغہ جیتا اور رغد بواریش نے ہائی جمپ میں چاندی کا تمغہ جیتا۔

رکاوٹوں کی دوڑ میں سعودی عرب کی دو ٹیموں نے تمغے  جیتے(فوٹو سعودی گزٹ)

چار سو میٹرکی ریلے ریس میں روا السلیمانی، نورا سعود، منیرہ الترکی اور رغد بواریش نے حصہ لیا اور کانسی کا تمغہ جیت لیا۔
رکاوٹوں کی دوڑ کے مقابلوں میں سعودی عرب کی دو ٹیموں نے تمغے حاصل۔
پہلی ٹیم میں ندا عابد، فوزیہ الخیبری، مشیل الخیال اور لاما الفواز نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا جبکہ دوسری کیٹیگری کے لیے ٹیم میں شامل لین الفوزان، ندا عابد، فوزیہ الخیبری اور سارہ السلیمی نے کانسی کا تمغہ جیت لیا۔

ایتھلیٹکس مقابلوں میں سعودی خواتین  نے  بہترین کارکردگی دکھائی (فوٹو: سعودی گزٹ)

تیر اندازی کے مقابلوں میں ریاض سنٹر کلب کی  ٹیم میں شامل سارہ بنت سلوم ، مشعل العتیبی ، شادن المرشود اور حائفہ الخنیزان نے کانسی کا تمغہ جیتا۔
کراٹے کے مقابلوں میں منال الزاید ، شحاد العمار اور لاما عبد العزیز نے اجتماعی کاتا مقابلوں میں چاندی کا تمغہ حاصل کر لیا۔ منال الزاید نے انفرادی کاتا مقابلے میں کانسی  کا تمغہ جیت کر سعودی عرب کے لئے 12 واں تمغہ حاصل کیا۔
 
 
عرب خواتین کے کھیلوں کے ان مقابلوں میں شریک سعودی ٹیموں کی سربراہی سعودی عرب کی اولمپک کمیٹی نے کی ۔ سعودی وفد کی سربراہ ترکی المصباح تھیں۔

شیئر: