سیمی فائنل میں پاکستان نے ایران کو شکست دی تھی (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستان نے لاہور کے پنجاب سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے کبڈی ورلڈ کپ کے فائنل میں روایتی حریف انڈیا کو 41 کے مقابلے میں 43 پوائنٹس سے شکست دے دی ہے۔
اس جیت کے ساتھ پاکستان کبڈی کا نیا عالمی چیمپیئن بن گیا ہے۔ اس قریبی مقابلے کے آغاز میں پاکستان مشکلات کا شکار تھا مگر ٹیم نے اچھے کم بیک سے میچ میں جیت حاصل کی۔مزید پڑھیں
فائنل میچ انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز رہا ابتدا میں پوائنٹس ٹیبل پر انڈیا کو سبقت حاصل رہی تاہم پاکستانی ٹیم نے شاندار کھیل کے ذریعے میچ میں کم بیک کیا۔
میچ کے دوران انڈین ٹیم اور انتظامیہ کی جانب سے امپائرز کے فیصلوں اعتراضات بھی کیے گئے۔
یہ پہلی دفعہ ہے کہ انڈین ٹیم کبڈی ورلڈ کپ کے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہی۔
خیال رہے انڈین ٹیم مسلسل چھ مرتبہ ورلڈکپ کی فاتح رہ چکی ہے۔
ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں سنیچر کو پاکستان نے ایران کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جبکہ انڈیا نے آسٹریلیا کو مات دی تھی۔
پہلے سیمی فائنل میں انڈیا نے آسٹریلیا کو 32 کے مقابلے میں 42 پوائنٹس سے شکست دی تھی جبکہ پاکستان نے ایران کو 30 کے مقابلے میں 52 پوائنٹس سے ہرایا تھا۔
پاکستان اور انڈیا اس ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ آمنے سامنے آئے۔ الگ الگ گروپ میں ہونے کی وجہ سے دونوں ٹیموں کے درمیان اس سے قبل کوئی میچ نہیں ہوا تھا اور دونوں ہی ورلڈ کپ میں ناقابل شکست رہی تھی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل کھیلے گئے کبڈی کے تمام ورلڈ کپ انڈیا میں ہوئے۔ انڈیا میں ہونے والے مقابلوں میں پاکستان کبڈی ورلڈ کپ کا تاج اپنے سر سجانے میں ابھی تک ناکام رہا تھا۔
رواں سال پہلی مرتبہ کبڈی کا ورلڈ کپ انڈیا سے باہر ہوا جس میں پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک کی 10 ٹیموں نے حصہ لیا۔ ان ممالک میں انڈیا، جرمنی، انگلینڈ، آسٹریلیا، ایران، آذربائیجان، کینیا، کینیڈا اور سیئیرا لیون شامل ہیں۔
ورلڈ کپ کے میچز لاہور سمیت گجرات اور فیصل آباد میں منعقد کرائے گئے۔
انڈیا کی ٹیم 9 فروری کو شروع ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے 8 فروری کو براستہ واہگہ بارڈر لاہور پہنچی تھی۔
ورلڈکپ میں پاکستان کی قیادت محمد عرفان کر رہے ہیں جبکہ شفیق احمد ٹیم کے نائب کپتان ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں شاہرام ساجد، راشد محمود، بن امین، قمر زمان، ظفر اقبال، ارسلان محمود، ہیرا بٹ، محمد نفیس، مشرف جاوید، کلیم اللہ، اکمل شہزاد، محمد سجاد، بلال محسن، وقاص احمد، ساجد نثار، عبیداللہ، محمد ذوالقرنین اور توصیف لیاقت شامل ہیں۔