کسی سکول میں ممنوعہ کتابیں پائی گئیں تو اس کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔فوٹو: اے ایف پی
سعودی وزارت تعلیم نے تمام سرکاری، نجی اور انٹرنیشنل سکولو ں کو حکم دیا ہے کہ وہ کسی ادارے یا فرد سے کسی بھی قسم کی ثقافتی کتابیں، لٹریچر، ای بک کا تحفہ یا عطیہ قبول نہ کریں۔
وزارت تعلیم جس ادارے یا فرد سے کتابوں، لٹریچر یا ای بک کا تحفہ یا عطیہ قبول کرنے کی منظوری دے صرف اسی سے ہدیہ یا عطیہ قبول کیا جائے۔
اخبار 24 کے مطابق نائب وزیر تعلیم ڈاکٹر عبدالرحمن العاصمی نے تمام نجی، سرکاری اور انٹرنیشنل سکولوں کو تحریری طور پر اس پابندی سے آگاہ کر دیا ہے۔
انہوں نے ہدایت نامے میں کہا ’ تمام سرکاری، نجی اور انٹرنیشنل سکول ایسی تمام ثقافتی کتابیں اپنی لائبریریوں سے ہٹا دیں جن میں میانہ روی کے مخالف افکار ہوں اور جنہیں پڑھ کر طلبہ کا ذہن خراب ہوتا ہو‘۔
وزارت تعلیم کے ہدایت نامے میں مزید کہا گیا’ وزارت تعلیم کے متعلقہ افسران سکولوں پر اچانک چھاپے ماریں گے اور یہ چیک کریں گے کہ ممنوعہ کتابیں ان کے یہاں موجود ہیں یا نہیں۔ اگر کسی سکول میں ممنوعہ کتابیں پائی گئیں تو اس کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔