چین: غیر مقامی باشندوں کو ووہان شہر چھوڑنے کی اجازت
چین: غیر مقامی باشندوں کو ووہان شہر چھوڑنے کی اجازت
پیر 24 فروری 2020 6:44
نیشنل ہیلتھ کمیشن نے چین میں کورونا کے 409 نئے کیسز کی بھی تصدیق کی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
چین نے کورونا وائرس سے متاثرہ مرکزی علاقے ووہان شہر سے غیر مقامی افراد کو نکلنے کی اجازت دے دی ہے۔
ووہان شہر کی یورنیورسٹیوں میں پاکستانی طلبہ کی ایک بڑی تعداد زیر تعلیم ہے جن کے مطابق وہ شہر سے نکلنا چاہتے ہیں جبکہ ان کے والدین پاکستان میں حکام سے اپنے بچوں کو واپس ملک لانے کی اپیل کر چکے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیر کو حکام نے کہا کہ ایسے افراد جو ووہان کے رہائشی نہیں اور باہر سے آئے ہیں وہ طبی معائنے میں وائرس سے متاثر نہ ہونے کی تصدیق کے بعد شہر چھوڑ سکتے ہیں۔
ادھر پاکستان ایئر لائن (پی آئی اے) نے کورونا وائرس پھیلنے کے خدشات کے پیش نظر چین اور جاپان کے لیے 15 مارچ تک فلائیٹ آپریشن معطل کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ ایک کروڑ دس لاکھ آبادی کے شہر ووہان کو چینی حکام نے 23 جنوری سے لاک ڈاؤن کیا ہوا ہے۔
اردو نیوز کے نامہ نگار زبیر علی خان کو پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ ’پہلے خیال کیا جا رہا تھا کہ کارونا وائرس محدود حد تک ہے اور جلد اس پر قابو پا لیا جائے گا اس لیے فضائی آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن اب وائرس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ ہورہا ہے اور اب لگتا ہے کہ اس پر کنٹرول کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔’
پیر کو چین میں حکام نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2592 ہو گئی ہے جبکہ اے ایف پی کے مطابق موجودہ حالات میں چین کی پارلیمان کا سالانہ اجلاس ملتوی کیے جانے کا امکان ہے۔
چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے تصدیق کی ہے کہ پیر کو مزید 150 افراد جان لیوا وبا کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں وائرس پھوٹنے کے مرکزی مقام ہوبائی صوبے میں ہوئیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار کو چین میں کورونا سے 97 افراد کی موت واقع ہوئی تھی۔
نیشنل ہیلتھ کمیشن نے چین میں کورونا کے 409 نئے کیسز کی بھی تصدیق کی ہے جن میں سے اکثریت ہوبائی صوبے میں سامنے آئی ہے۔
ادھر اسلام آباد میں چین کے سفارتخانے نے کہا ہے کہ وہ ووہان شہر میں پاکستانی طلبہ کی عارضی مشکلات کو سمجھتے ہیں۔ ’پاکستانی طلبہ لاکھوں چینیوں کے ساتھ اس وبا سے بچاؤ اور روک تھام کے لیے وہاں ہیں۔‘
چینی سفارتخانے کے ٹوئٹر پر جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستانی طلبہ کا اپنے لوگوں کی طرح خیال رکھا جا رہا ہے اور ہو محفوظ اور صحت مند ہیں۔ ’والدین یقین رکھیں کہ طلبہ کی روزمرہ ضروریات اور پڑھائی کا خیال رکھا جا رہا ہے۔‘
واضح رہے کہ چین کے بعد پڑوسی ملک ایران میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے پاکستان نے ایران کے ساتھ اپنی سرحد بند کر دی ہے۔
اتوار کو تفتان سمیت پانچ اضلاع میں ایران سے ملنے والے سرحدی راستوں کو زائرین سمیت ہر قسم کی آمدورفت اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔
چین میں حکام نے کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کے ماہرین نے پیر کو پہلی بار وائرس سے متاثرہ ووہان شہر کا دورہ کیا ہے۔ گزشتہ برس دسمبر کے وسط میں کورونا پھوٹ پڑنے کے بعد یہ غیر ملکی ماہرین کا اس علاقے کا پہلا دورہ ہے۔