’کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کا وقت ختم ہو رہا ہے‘
’کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کا وقت ختم ہو رہا ہے‘
ہفتہ 22 فروری 2020 15:03
چین میں کورونا وائرس کے کیسز کی یومیہ تعداد 889 سے کم ہوکر 397 ہوگئی ہے (فوٹو: روئٹرز)
چینی حکام نے اپنی تازہ رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں کورونا کے نئے کیسز اور وائرس کے باعث ہونے والی اموات کی تعداد میں تیزی سے کمی آرہی ہے۔
تاہم جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کے کیسز میں دو گنا اضافے اور ایران میں 10 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے عالمی سطح تشویش پائی جا رہی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جمعے کو جاری کیے جانے والے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق چین میں کورونا وائرس کے کیسز کی یومیہ تعداد 889 سے کم ہوکر 397 ہوگئی ہے۔ یہ گذشتہ ایک ماہ کی کم ترین تعداد ہے۔
چین میں جہاں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد کم ہو رہی ہے وہیں دنیا کے دیگر ممالک میں یہ وبا تیزی سے پھیل رہی ہے۔ جنوبی کوریا، اٹلی، لبنان اور ایران میں اس وبا کے پھیلنے کے ساتھ ہی عالمی ادارہ صحت کی جانب سے متنبہ کیا گیا ہے کہ عالمی سطح پر کورونا کے پھیلاؤ پر قابو پانے کا موزوں وقت ختم ہو رہا ہے۔
جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک دم 223 سے بڑھ کر 433 ہوگئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ تعداد ایک ہزار تک پہنچ سکتی ہے کیوںکہ مرکزی چرچ میں عبادت کرنے والے متعدد افراد میں نزلے زکام کی شکایات پائی گئی ہیں۔
ایران جہاں اس ہفتے کے آغاز تک کورونا وائرس کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا تھا وہاں وائرس کے 10 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور یوں متاثرہ افراد کی کل تعداد 28 ہوگئی ہے جبکہ اس کی وجہ سے اب تک پانچ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
کورونا وائرس چین کے علاوہ اب تک دنیا کے 26 ممالک میں پھیل چکا ہے اور اس کے باعث چین سے باہر اب تک 13 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادانوم نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں وائرس کے پھلاؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس اب صرف چین تک محدود نہیں اور اس کے خاتمے کے لیے تمام ممالک کو کوششیں کرنی چاہئیں۔
انہوں نے معاشی طور پر کمزور ممالک کی مدد کے لیے 675 ملین ڈالر امداد کی بھی اپیل کی۔
جمعے کو انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں۔
’ہمارے پاس ابھی بھی موقع ہے کہ ہم اس پر قابو پا لیں۔ اگر ہم ایسا نہیں کرتے اور اس موقعے کو ضائع کر دیتے ہیں تو یہ مسئلہ مزید سنگین ہو جائے گا۔‘
اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد دو جبکہ متاثر افراد کی تعداد 17 ہوگئی ہے۔ جبکہ جاپان میں سنیچر کو اس وبا کے 14 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ جن افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ان میں ایک خاتون ٹیچر بھی شامل ہیں۔
اب جاپان کو عالمی سطح پر اس سوال کا سامنا ہے کہ کیا اس کے حکام کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے مناسب اقدامات کر بھی رہے ہیں یا نہیں اور کیا رواں سال ٹوکیو میں اولمپکس مقابلے ہو سکیں گے یا نہیں۔
اولمپکس کے منتظمین نے سنیچر کو احتیاطی طور پر رضا کاروں کی تربیت کا آغاز ملتوی کر دیا ہے۔
چین میں کورونا وائرس کے کل تصدیق شدہ کیسز کی تعداد بڑھ کر 76 ہزار 288 ہوگئی ہے جبکہ ہوبائی صوبے میں 106 نئی اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں سے 90 افراد ووہان شہر کے رہنے والے تھے۔