Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا: خلیجی ریاستوں میں پروازیں معطل

کورونا کی شکار بحرینی مریضہ ایران سے بحرین پہنچی تھیں۔ ( فوٹو: اوال اون لائن)
بحرین میں کورونا وائرس کے ایک اور کیس کی تصدیق ہو گئی ہے۔ کورونا کی شکار مریضہ ایران سے دبئی ایئرپورٹ کے ذریعہ بحرین پہنچی تھی۔
کورونا سے متاثر نیا مریض سامنے آنے کے بعد بحرین نے دو دن کے لیے دبئی اور شارجہ سے آنے والی تمام پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ادھر کویت نے عراق، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ اور اٹلی کے لیے تاہدایت ثانی تمام پروازیں معطل کر دی ہیں۔
جبکہ امارات نے اپنے شہریوں پر ایران اور تھائی لینڈ جانے پر پابندی لگا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بحرینی نیوز ایجنسی نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’کورونا کی نئی مریضہ بحرینی شہری ہیں۔ مسافروں کے معائنے کے دوران ان میں کرونا کی علامتیں پائی گئی تھیں۔‘

عراق، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ اور اٹلی کے لیے پروازیں معطل کردی ہیں (فوٹو: الخلیج)

بحرینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’لیبارٹری ٹیسٹ کے بعد تصدیق ہو گئی کہ شہری خاتون کورونا وائرس کی حامل ہیں۔‘
وزارت نے کہا ہے کہ ’کورونا کی شکار خاتون کے ساتھ عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کے مطابق معاملہ کیا جا رہا ہے۔‘
دوسری طرف بحرینی محکمہ شہری ہوا بازی نے اعلان کیا ہے کہ ’کورونا سے بچنے کے لیے اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر کے پیش نظر دبئی اور شارجہ سے آنے والی پروازوں کو دو دن کے لیے معطل کیا جا رہا ہے تاکہ حالات کا جائزہ لیا جائے۔‘
 دوسری طرف کویت نے عراق کے تمام شہروں کے علاوہ جنوبی کوریا، تھائی لینڈ اور اٹلی کے لیے مقامی ایئر لائن کا آپریشن معطل کردیا ہے، جبکہ مذکورہ ممالک سے تا ہدایت ثانی تمام ہوائی کمپنیوں کی پروازیں معطل کر دی جاتی ہیں۔
کویتی محکمہ شہری ہوا بازی نے کہا ہے کہ ’عراق، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا اور اٹلی سے آنے والی کسی بھی غیر ملکی کسی بھی ویزے پر کویت آنے کی اجازت نہیں ہو گی جبکہ مذکورہ ممالک سے آنے والے شہریوں کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔‘

 امارات نے اپنے شہریوں پر ایران اور تھائی لینڈ جانے پر پابندی لگادی ہے (فوٹو: القبس)

ادھربحرینی فٹبال لیگ نے کہا ہے کہ ’کورونا وائرس کے باعث منامہ میں ایشیا کپ 2020 کے فٹبال میچ منسوخ کیے جارہے ہیں۔‘
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے تحت منامہ میں سعودی اور ایرانی ٹیم کے درمیان فٹبال میچ ہونا تھا۔

شیئر: