Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرونا وائرس : مسافروں کے لیے کویت اور عمان میں نئی ہدایت

کویت نے ایران کے شہریوں کے بعد اب چین اور ہانگ کانگ کے مسافروں پر پابندی لگا دی ہے ( فوٹو: اخبار 24 )
کویت نے ایرانی مسافروں کے بعد اب چینی مسافروں پر بھی ملک میں داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔
مقامی اخبار القبس کے مطابق کویتی وزارت داخلہ نے تمام ہوائی اڈوں سمیت سرحدی چوکیوں کو ہدایت کی ہے کہ ’ایران، چین اور ہانگ کانگ کے شہریوں کو ملک میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے‘۔
کویتی وزارت داخلہ کے سکریٹری برائے اقامہ جنرل طلال المعرفی نے کہا ہے کہ ’مذکورہ پابندی کرونا وائرس کی وجہ سے لگائی گئی ہے جس کا مقصد ملک کو وبائی بیماری سے محفوظ رکھنا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’اقامہ رکھنے والے غیر ملکی اگر ایگزٹ ری انٹری پر مذکورہ ممالک گیے ہیں تو ان کے ویزے میں 3 ماہ کی خود بخود توسیع ہوگی تاوقتیکہ ان کے متعلق فیصلہ کیا جائے‘۔
دریں اثنا سلطنت عمان نے کہا ہے کہ ملک میں کرونا کا کوئی بھی مریض ریکارڈ پر نہیں۔
عمانی نیوز ایجنسی کے مطابق کرونا وائرس کے انسداد اور احتیاطی تدابیر کے طور پر 4 ممالک سے آنے والے شہریوں کو 14 دن کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

عمان میں چین، جنوبی کوریا، سنگاپور اور ایران سے آنے والے مسافروں کو 14 دن کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا ( فوٹو: تواصل)

عمانی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’چین، جنوبی کوریا، جاپان، سنگاپور اور ایران سے آنے والے مسافروں کو قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ ہوا ہے‘۔
وزارت صحت نے عمانی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو مشورہ دیا ہے کہ ’متعدی اور وبائی بیماریوں سے بچنے کے لیے حالیہ عرصے کے دوران بھیڑ بھاڑسے بچا جائے۔ بڑی تعداد میں لوگ ایک جگہ اکٹھا نہ ہوں‘۔
دوسری طرف بحرینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کا کوئی مریض نہیں۔ بحرین کرونا سے پاک ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق بحرینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’ملک کی تمام سرحدوں پر احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔ اب تک کرونا وائرس کا شکار کوئی بھی مریض ریکارڈ پر نہیں آیا‘۔

شیئر: