’حرم مکی اور مسجد نبوی میں کورونا سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں‘
’حرم مکی اور مسجد نبوی میں کورونا سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں‘
جمعہ 28 فروری 2020 18:00
زائرین کو تمام زبانوں میں ضروری معلومات فراہم کی جا رہی ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)
کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں زائرین اور نمازیوں کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کر لیے گئے ہیں۔
مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کے نگران ادارے جنرل پریذیڈنسی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اس حوالے سے زائرین کو تمام ضروری معلومات فراہم کی جائیں گی اور مکہ میں مسجد الحرام کے صحن میں صفائی کے اوقات کو دو گنا کر دیا گیا ہے۔‘
جنرل پریذیڈنسی نے کہا ہے کہ زائرین کے لیے تمام زبانوں میں طبی ہدایت اور ہنگامی پیش رفت کے حوالے سے میڈیا میں آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے۔
جنرل پریذیڈنسی کے نائب معتمد نے عبدالحمید المالکی نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’دونوں مساجد صحت عامہ کے حکام کے ساتھ ممکنہ صورت حال کے حوالے سے مسلسل رابطے میں ہیں۔‘
المالکی نے کہا کہ ’وہ ماسکس اور ہینڈ سینی ٹائزر کو تقسیم کرنے کے لیے حکومتی اور نجی اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’صحت عامہ سے متعلقہ اداروں کے ساتھ مختلف اقوام کے زائرین کو ضروری معلومات کی فراہمی کے لیے مربوط اقدامات کر رہے ہیں۔‘
ہجوم کے ماہر اکرم جان نے بتایا کہ ’سعودی عرب کے پاس لاکھوں افراد کے ہجوم کو سنبھالنے کا تجربہ موجود ہے اور ماضی میں کئی مشکل مواقعوں پر ہنگامی صورت حال پر قابو پایا چکا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’کورونا وائرس ایک دوسرے کے ساتھ ملنے ملانے اور چھینکوں سے پھیلتا ہے۔ سعودی عرب کسی بھی ناگہانی صورت حال کو روکنے کے لیے تمام ضروری اور پیشگی اقدامات کر رہا ہے۔‘
حفاظتی اقدامات
حکام کی ہدایت پر زائرین اور نمازیوں کی حفاظت کے لیے مسجد الحرام کے صحن کو دن میں چار مرتبہ دھویا اور جراثیم کش سپرے کیا جا رہا ہے۔
مسجد الحرام کے ڈائریکٹر جبار ودانی کا کہنا ہے کہ ’انتہائی تربیت یافتہ عملہ بہترین ٹیکنالوجی کے ساتھ اوزار کی صفائی پر معمور کیا گیا ہے۔‘
’مسجد میں 13 ہزار 500 جائے نماز موجود ہیں جنہیں روزانہ کی بنیاد خوشبو لگا کر صاف کیا جاتا ہے۔‘
واضح رہے کہ گذشتہ برس دسمبر میں چین میں کورونا وائرس پھیلنے کے بعد دنیا بھر میں 82 ہزار افراد اس وبا سے متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 27 سو کی موت واقع ہو چکی ہے۔‘
عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کورونا وائرس کو ’کووڈ 19 ‘کا نام دیا گیا ہے۔