ایئرلائنز نے مسافروں کو نئی صورتحال سے آگاہ کردیا (فوٹواے ایف پی)
مسلم ممالک نے نیو کورونا وائرس کے پھیلاو کے سدباب کے لیے عمرہ، زیارت اور سیاحت پر سعودی حکام کی جانب سے لگائی جانے والی پابندی پر مثبت ردعمل دے دیا۔
مصر اور متحدہ عرب امارات نے پہل کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ عمرہ، زیارت اور سیاحت کے ویزوں پر کسی بھی فرد کو سعودی عرب نہیں بھیجا جائے گا۔ فضائی کمپنیوں کو اس پابندی پر عمل درآمد کی ہدایت کردی گئی۔
سبق اور الامارات الیوم کے مطابق قاہرہ انٹرنیشنل کے حکام نے عمرہ زائرین اور سیاحتی ویزے رکھنے والے شہریوں کے سعودی عرب سفر پر پابندی لگادی۔ مصر میں فضائی کمپنیوں نے دسیوں عمرہ زائرین کو جدہ اور مدینہ منورہ جانے سے روک دیا۔
ایئرلائنز کے عہدیداروں اور قاہرہ ایئرپورٹ حکام نے اس سلسلے میں تال میل کرلیا۔
اسکائی نیوز کے مطابق قاہرہ ایئرپورٹ حکام نے تمام ٹرمینلز پر اضافی عملہ تعینات کردیا ہے جبکہ فضائی کمپنیو ں کے کارکنا ن کی تعداد بڑھا دی گئی ہے جو عمرہ زائرین اپنے طور پر ایئرپورٹ پہنچ گئے تھے انہیں خوش آمدید کہا گیا اور پھر انہیں پابندی سے آگاہ کرتے ہوئے ریزرویشن تبدیل کرنے یا منسوخ کرنے کا مشورہ دیا گیا۔
قاہرہ سے جمعرات کو صبح سویرے تک عمرہ پروازیں سعودی عرب کا رخ کرتی رہیں۔
متحدہ عرب امارات کے حکام نے عمرہ، زیارت اور سیاحت پر سعودی عرب سفر کرنے والوں کو مختلف ذرائع سے مطلع کیا ہے کہ وہ سعودی عرب کی طرف سے پابندی لگائے جانے کے باعث عمرہ، زیارت اور سیاحت کے ویزوں پر سعودی عرب نہیں جاسکتے۔
اماراتی حکام نے فضائی کمپنیوں خصوصاً امارات ایئرلائنز کو اس پابندی کی تعمیل کی ہدایت کردی ہے۔ امارات ایئرلائنز نے اپنی ویب سائٹ کے ذریعے مسافروں کو نئی صورتحال سے آگاہ کردیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق کویت نے جی سی سی ممالک کے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ تا اطلاع ثانی قومی شناختی کارڈ پر کویت کا سفرنہ کریں۔ کویت نے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سعودی عرب کی جانب سے جاری کردہ پابندی کا احترام کریں اور کوئی بھی کویتی قومی شناختی کارڈ پر سعودی عرب سفر کی کوشش نہ کرے۔
یاد رہے کہ سعودی حکام نے جی سی سی ممالک کے باشندوں پر پابندی لگائی ہے کہ وہ موجودہ ماحول میں قومی شناختی کارڈ پر سعودی عرب کا سفر نہیں کرسکتے۔ اس سے جی سی سی ممالک کے وہ شہری مستثنیٰ ہوں گے جو قومی شناختی کارڈ پر مملکت آچکے ہیں اوروطن واپس جانا چاہتے ہیں۔
سعودی عرب نے یہ پابندی اپنے شہریوں پر بھی عائد کی ہے تاہم اس سے ان سعودیوں کو استثنیٰ دیا ہے جو پابندی سے قبل کسی خلیجی ملک قومی شناختی کارڈ پر چلے گئے تھے اور اب وہاں سے وہ وطن عزیز آنا چاہتے ہوں۔
الامارات الیوم کے مطابق متحدہ عرب امارات میں قومیت اور شناختی کارڈ کے وفاقی ادارے نے بھی سعودی عرب اور کویت کی طرح قومی شناختی کارڈ پر اپنے شہریوں کو ایک دوسرے کے یہاں آنے جانے سے منع کردیا ہے جبکہ کورونا وائرس کی وجہ سے کسی بھی اماراتی کو سعودی عرب جانے سے روک دیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں