ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ’ارنا‘ کی جانب جاری کیے جانے والے نقشے کے مطابق کورونا وائرس سے تین صوبے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جن میں تہران 128، کیسز کے ساتھ پہلے کوم 88 کے ساتھ دوسرے جبکہ گیلان 65 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
جمعرات کو ایران کی وزارت صحت نے کورونا وائرس کے پیش نظر جمعے کی نماز اور اس طرح کے دیگر اجتماعات کو منسوخ کر دیا تھا۔
خیال رہے کہ چین کے بعد ایران وہ ملک ہے جہاں کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
دوسری طرف ’ارنا‘ کے مطابق ایران کی نائب صدر معصومہ ابتکار میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ یہ پہلا واقعہ ہے کہ کسی ملک کے بڑے حکومتی عہدیدار میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہو۔
اس سے چند روز قبل ایران کی وزارت صحت کے ڈپٹی وزیر اراج ہریرجی میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔
ایران میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکام کی جانب سے سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کو عارضی طور پر بند کر رکھا ہے۔
کورونا وائرس کا آغاز چین کے شہر ووہان سے ہوا تھا اور اب تک صرف چین میں ہلاکتوں کی تعداد 2700 سے زائد ہو چکی ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان نے کہا ہے کہ حکومت نے ایران میں سینما گھروں، ثقافتی تقریبات اور کانفرنسز پر پہلے ہی پابندی لگا دی تھی جسے مزید ایک ہفتے کے لیے بڑھا دیا گیا ہے۔
پاکستان نے ایران سے آنے والے زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ہمسایہ ملک کے ساتھ براہ راست پروازیں غیر معینہ مدت کے لیے معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایران میں کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے پاکستان نے ایران کے ساتھ اپنی سرحد بھی بند کر رکھی ہے۔
چین سے باہر یہ وائرس اب پاکستان اور انڈیا سمیت دنیا کے 35 سے زیادہ ممالک میں پھیل چکا ہے۔