Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی ایران کے ساتھ پروازیں معطل

ایران کی نائب صدر میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے (فوٹو: روئٹرز)
پاکستان نے ایران سے آنے والے زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ہمسایہ ملک کے ساتھ براہ راست پروازیں غیر معینہ مدت کے لیے معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان ایوی ایشن ڈویژن عبدالستار کھوکھر نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’حکومت نے پاکستان سے ایران جانے والی تمام براہ راست پروازوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اطلاق جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات 12 بجے سے ہوگا۔‘
قبل ازیں پاکستان میں دو افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت پر زور دیا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ فلائٹ آپریشن فوری طور پر بند کر دے۔
ایران میں کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے پاکستان نے ایران کے ساتھ اپنی سرحد بھی بند کر رکھی ہے۔
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع تفتان سمیت پانچ دیگر اضلاع میں ایران سے ملحقہ سرحدی راستوں کو زائرین سمیت ہر قسم کی آمدورفت اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
دریں اثنا ایران نے ملک میں تیزی سے پھیلتے ہوئے کورونا وائرس کے پیش نظر جمعے کی نماز اور اس طرح کے دیگر اجتماعات کو منسوخ کر دیا ہے، جبکہ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ایران میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 26 ہوگئی ہے۔
چین کے بعد ایران وہ ملک ہے جہاں کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ’ارنا‘ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ’وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہان پور نے کہا کہ تمام اجتماعات تاحکم ثانی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔‘

پاکستانی ایئرپورٹس پر مسافروں کی سکریننگ بھی کی جا رہی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

ترجمان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے اگلے ہفتے 15 میڈیکل لیبارٹریز کھولی جائیں گی۔
بدھ کو ایرانی وزارت صحت نے اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 19 ہے، جبکہ جمعرات کو یہ تعداد 26 تک پہنچ گئی ہے اور 245 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔
دوسری طرف ’ارنا‘ کے مطابق ایران کی نائب صدر معصومہ ابتکار میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ یہ پہلا واقعہ ہے کہ کسی ملک کے بڑے حکومتی عہدیدار میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہو۔

ایران میں سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کو بھی عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے (فوٹو: روئٹرز)

روسی نیوز ایجنسی ’سپتنک‘ نے ایرانی نائب صدر کے مشیر کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ’ابتقار پر کورونا کی علامات ظاہر ہونا شروع ہوئیں تو ان کا ٹیسٹ کروایا گیا جو مثبت آیا۔‘
اس سے چند روز قبل ایران کی وزارت صحت کے ڈپٹی وزیر اراج ہریرجی میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔
ایران میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکام کی جانب سے سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
کورونا وائرس کا آغاز چین کے شہر ووہان سے ہوا تھا اور اب تک صرف چین میں ہلاکتوں کی تعداد 2700 سے زائد ہو چکی ہے۔

چین سے باہر یہ وائرس اب پاکستان اور انڈیا سمیت دنیا کے 30 سے زیادہ ممالک میں پھیل چکا ہے (فوٹو: روئٹرز)

وزارت صحت کے ترجمان نے کہا ہے کہ حکومت نے ایران میں سینما گھروں، ثقافتی تقریبات اور کانفرنسز پر پہلے ہی پابندی لگا دی تھی جسے مزید ایک ہفتے کے لیے بڑھا دیا گیا ہے۔
چین سے باہر یہ وائرس اب پاکستان اور انڈیا سمیت دنیا کے 30 سے زیادہ ممالک میں پھیل چکا ہے۔

شیئر: