کو یت : امتحانات ملتوی ،فنگر پرنٹ سسٹم پر عملدرآمد معطل
کو یت : امتحانات ملتوی ،فنگر پرنٹ سسٹم پر عملدرآمد معطل
جمعہ 28 فروری 2020 21:45
کویتی وزارت صحت نے جمعہ کو اعلان کیا ’ ملک میں نیو کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 45 تک پہنچ گئی ہے۔
کویتی کابینہ نے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے سعد العبداللہ اکیڈمی برائے سلامتی علوم کے طلبہ کو کلاسوں میں حاضری سے استثنیٰ دیا ہے۔
یکم مارچ سے اکیڈمی میں تعلیم دو ہفتے تک معطل رہے گی۔ اکیڈمی کے ماتحت پولیس کالج، پولیس انسٹی ٹیوٹ اور پولیس سکول آتے ہیں۔کویتی فوج نے آرمی سکولو ںاور کالجوں میں دو ہفتے تک تعلیم معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کویتی وزارت تربیت نے تمام مرحلوں کے امتحانات عید کے بعد تک کے لیے ملتوی کردیے ہیں۔ تربیتی کورس اور ورکشاپس بھی عید کے بعد ہی کھلیں گے۔
ایک فیصلہ یہ بھی کیا گیا ہے کہ کویتی آرمی سکولو ںاور کالجوں میں اندرون ملک سے ملازمت کے لیے جن غیر ملکیوں کے انٹرویو ہونا تھے وہ بھی عید تک کے لیے ملتوی کردیے گئے۔
حکومت کویت نے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے احتیاطی تدبیر کے طور پر یکم مارچ سے کویت کے اداروں میں عارضی طور پر فنگر پرنٹ کے سسٹم پر عمل درآمد معطل کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
دریں اثناءکویتی دفتر خارجہ نے بری راستے سے شناختی کارڈ پر خلیجی ممالک کا سفر کرنے والے کویتیوں سے کہا ہے کہ وہ جلد از جلد وطن واپس آجائیں۔
کویتی وزارت صحت نے کویت ایئرپورٹ یا بری سرحدی چوکیوں کے راستے کویت سے باہر جانے والوں پر یہ پابندی عائد کی ہے کہ وہ کورونا وائر س سے پاک ہونے کا اقرار نامہ جمع کرائیں۔
اقرار نامے میں مسافر یہ تسلیم کرے گا کہ وہ ان تمام سرکاری اداروں کی ہدایات پر عمل کرے گا جو متعلقہ ملک میں انہیں دی جائیں گی اور کویت واپسی پر کویتی وزارت صحت اور کویتی وزارت داخلہ کی ہدایات کا احترام کرے گا اور ضرورت پڑنے پر قرنطینہ میں قیام کے لیے بھی تیار ہوگا۔
کونا کے مطابق اقرار نامے میں یہ بات شامل ہوگی کہ کویت واپسی پر کورونا وائرس سے متاثر شخص کو کم از کم 14دن تک قرنطینہ میں رہنا ہوگا ۔ اس دوران اسے مقامی حکام سے بھرپور تعاون کرنا ہوگا۔
کویتی وزارت صحت نے بتایا ’ اب تک ہمارے یہاں کورونا وائرس کے جتنے بھی مریض ریکارڈ پر آئے ہیں وہ سب ایران سے آئے ہوئے ہیں‘۔
یاد رہے کہ کویت ایئر لائنز نے ایران کے لیے تمام پروازیں معطل کردی ہیں۔