’سعودی عرب اور پاکستان ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے‘
’سعودی عرب اور پاکستان ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے‘
پیر 2 مارچ 2020 18:31
ملاقات میں وزیراعظم نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی معاشی مدد کا بھی حوالہ دیا (فوٹو: پی آئی ڈی)
سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان دیرپا شراکت دار کی حیثیت سے ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
عمران خان کے ساتھ پیر کو ہونے والی اس ملاقات میں سعودی عرب اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ملاقات میں سعودی عرب اور پاکستان کے مابین ’سٹریٹجک تعلقات‘ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سعودی نائب وزیر دفاع نے دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات اور تمام شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے حوالے سے سعودی قیادت کے پختہ عزم سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
سعودی نائب وزیر دفاع نے وزیر اعظم عمران خان کو سعودی قیادت کی طرف سے مشرق وسطی سمیت علاقائی امن و استحکام کے لیے کردار ادا کرنے پر مبارکباد دی اور اس حوالے سے پاکستانی کوششوں کو سراہا۔
قبل ازیں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے شہزادہ خالد بن سلمان کا استقبال کیا اور قریبی برادرانہ تعلقات، روابط اور ہر سطح پر تعاون پر مبنی پاک سعودی تعلقات کی خصوصی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات میں عمران خان نے 2019 میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے پاکستان کے تاریخی دورے اور خاص طور پر معاشی چیلنجوں کے وقت پاکستان کے لیے سعودی عرب کی بھرپور معاشی مدد کا بھی حوالہ دیا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے مابین بڑھتے ہوئے معاشی تعلقات اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے سعودی عزم کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے سعودی نائب وزیر دفاع کو انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے بھی آگاہ کیا ہے۔ مسئلہ کشمیر پر بات چیت میں او آئی سی کے ایک اہم رکن کی حیثیت سے سعودی عرب کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس سے قبل شہزادہ خالد بن سلمان نے آرمی ہیڈ کوارٹر راولپنڈی کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ اس موقعے پر سعودی نائب وزیر دفاع کو بری فوج کے دستے نے سلامی بھی پیش کی۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق شہزادہ خالد بن سلمان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کے دوران خطے میں امن و امان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی نائب وزیر دفاع نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا اور سعودی مسلح افواج کو تربیتی معاونت فراہم کرنے پر بھی شکریہ ادا کیا جبکہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستانی فوج کی انسداد دہشت گردی کی جنگ میں قربانیوں اور کاوشوں کو سراہنے پر سعودی نائب وزیر سے اظہار تشکر کیا۔