عمرہ اور سیاحتی ویزوں پر آنے والے ٹرین سے سفر نہیں کرسکتے (فوٹو: سوشل میڈیا)
حرمین ایکسپریس ٹرین انتظامیہ نے جمعہ کو بتایا ہے کہ حرمین ٹرین سے مسجد نبوی کے زائرین، عمرہ اور سیاحتی ویزوں پر آنے والے سفر نہیں کرسکتے۔
اعلامیے کے مطابق پابندی کورونا وائرس کا پھیلاﺅ روکنے کے لیے لگائی گئی ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق حرمین ایکسپریس ٹرین کی انتظامیہ نے ٹوئٹر پر کہا’ وزارت داخلہ کی جانب سے لگائی گئی پابندی کی تعمیل اور مقامی شہریوں نیز مقیم غیر ملکیوں کی سلامتی کی خاطر مسجد الحرام ، مسجد نبوی کے زائرین اور سیاحتی ویزوں پر آنےوالوں کے سفر پر پابندی لگائی گئی ہے۔‘
انتظامیہ نے بیان میں یہ بھی واضح کیا ہے ’اگر اس حوالے سے کسی کو مزید معلومات درکار ہوں تو وہ ٹول فری نمبر 920004433پر رابطہ کرسکتا ہے۔‘
حرمین ایکسپریس ٹرین انتظامیہ نے مزید بتایا کہ وزارت سیاحت کےاعلان کے مطابق سیاحتی ویزے پر آنے والوں کو ان دنوں مکہ اور مدینہ جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یہ پابندی مقامی شہریوں، مقیم غیر ملکیوں او رزائرین کی سلامتی کے غرض سے لگائی گئی ہے۔ یہ احتیاطی تدبیر کا حصہ ہے۔
انتظامیہ نے توجہ دلائی کہ بیان کردہ اسباب کے پیش نظر مندرجہ ذیل زمروں میں آنے والے حرمین ایکسپریس ٹرین سے سفر نہیں کرسکتے۔
جی سی سی ممالک کے شہریوں اور جی سی سی ممالک سے آنے والے تارکین وطن کو مکہ اور مدینہ میں داخلے کی اجازت نہیں ہے اس سے خصوصی اجازت نامے والے مستثنیٰ ہوں گے۔
عمرے پر آنے والوں کو مکہ جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی زیارت بھی ان دنوں ممنوع ہے۔