عمرے کی پابندی عارضی ہے، احتیاطی تدبیر کے طور پر لگائی گئی ہے۔ فوٹو سوشل میڈیا
سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے عمرے پر پابندی کے بعد مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی شریف مدینہ منورہ میں زائرین کی تعداد نمایاں حد تک کم ہو گئی ہے۔
الوطن اخبار کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے نئے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے ، سعودیوں ، مقیم غیر ملکیوں اور زائرین کو اس وائرس کے مہلک اثرات سے بچانے کے لیے اندرون ملک سے سعودیوں اور مقیم غیر ملکیوں کے عمرے پر پابندی عائد کردی ہے۔ اس سے قبل بیرون ملک سے عمرہ ، زیارت اور سیاحت پر بھی پابندی لگادی گئی تھی۔
مسجد الحرا م کی انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے کہا ہے کہ مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں پر عمرے کی پابندی عارضی ہے۔ احتیاطی تدبیر کے طور پر یہ پابندی لگائی گئی ہے۔ اس کا بنیادی مقصد نئے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنا ہے۔
ڈاکٹر السدیس نے مزید کہاکہ’ وزارت داخلہ کا یہ فیصلہ فراست پر مبنی ہے اور پابندی زائرین کی صحت، سلامتی کو یقینی بنائے رکھنے کے جذبے سے لگائی گئی ہے‘۔
السدیس نے کہا کہ ’مسجد الحرام کی انتظامیہ نے زائرین کی سلامتی کی خاطر کئی حفاظتی تدابیر کی ہیں۔ ان میں حرم شریف کے فرش اورقالینوں کو جراثیم سے پاک صاف رکھنے کے لیے جراثیم کش ادویہ کا چھڑکاﺅ، حرم شریف کے دروازوں ، نماز کی جگہوں اور تمام خالی حصوں پرادویہ کا چھڑکاﺅ ، قالین بار بار تبدیل کرنا، حرم شریف کا فرش چوبیس گھنٹے میں دس بار دھونا ، دن بھر میں طہارت خانوں کی 6بار صفائی، زمزم کی ٹونٹیوں اورآب زمزم کے اسٹینڈز کی مسلسل صفائی اور پرانے کپ پہلی فرصت میں ہٹانے کا انتظام ہے‘۔