Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دمام کا ہوٹل’ قرنطیہ‘ میں تبدیل کردیاگیا

وزارت صحت نے کرایے پر ہوٹل حاصل کیا( فوٹو، سوشل میڈیا)
وزارت صحت نے مشرقی ریجن کے ایک بڑے ہوٹل کو’کورونا‘ کے مشتبہ مریضوں کے لیے’ قرنطینہ‘ میں تبدیل کردیا ہے۔ دمام شہر میں قائم ہوٹل میں بیرون ملک سے آنے والے مریضوں کوزیر نگرانی رکھا جائےگا۔
مقامی ویب نیوز ’سبق‘ نے وزارت صحت کے ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ ایسے ممالک جہاں’ کورونا‘ کا مرض وبائی صورتحال اختیار کر چکا ہے سے آنے والے مسافروں کوطبی نگرانی کے لیے ہوٹل میں رکھا جائے گا۔

دمام کا شاہ فہد پل کے ذریعے بحرین سے آمد ورفت جاری رہتی ہے( فوٹو سوشل میڈیا)

ذرائع کا کہنا ہے کہ ریجنل وزارت صحت نے ہوٹل کو کرایے پر حاصل کرنے کے بعد اسے قرنطینہ میں تبدیل کر نے کا فیصلہ کیا ہے ۔جہاں مشتبہ مریضوں کو 14 دن کےلیے نگرانی میں رکھا جائے گا تاکہ اس امر کی یقین دہانی کی جاسکے کہ آنے والے مشتبہ مسافر ’کورونا‘ کے مریض تو نہیں۔
ہوٹل جسے ’قرنطینہ ‘ قرار دیاگیا ہے میں رہنے والوں کوخوراک و علاج کے علاوہ یومیہ ضرورت کی تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ہوٹل میں طبی عملہ بھی موجود ہوگا جومشتبہ مریضوں کی ہر طرح سے نگرانی کرے گا۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ قرنطینہ میں رکھے جانے والوں  کو 14 دن سے زیادہ نہیں رکھا جائے گا اس دوران اگران میں مرض کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی تو انہیں وہاں سے جانے کی اجازت ہوگی۔
یاد رہے مملکت کے مشرقی ریجن کا شہر’ دمام‘ مملکت اور بحرین کا سرحدی شہر ہے یہاں واقع پل کے ذریعے بحرین آمد ورفت کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
گزشتہ دنوں کورونا کے جس مریض کا انکشاف ہوا تھا وہ بھی بحرین کے راستے دمام میں داخل ہوا تھا اس لیے وہاں ریجنل وزارت صحت کی جانب سے خصوصی احتیاطی تدابیر کے طور پر ہوٹل کو کرایے پر لے کر اسے قرنطینہ میں تبدیل کیا گیا ہے۔

شیئر: