Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل فائیو کے ٹاپ پرفارمرز

کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے محمد حسنین 14 وکٹوں کے ساتھ سر فہرست ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن میں اب تک 19 میچز ہو چکے ہیں۔
پی ایس ایل میں اب تک مختلف ٹیموں کے بہت سے کھلاڑی میلہ لوٹنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور اپنی عمدہ انفرادی کارکردگی سے شائقین کی توجہ حاصل کی ہے۔
اب تک ہونے والے 19 میچز کے بعد انفرادی ریکارڈ پر نظر دوڑائیں تو اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونکی سب سے زیادہ رنز سکور کرنے والے کھلاڑیوں میں سرفہرست ہیں۔
رونکی نے چھ میچوں میں 48.40 کی اوسط سے 242 رنز بنائے ہیں۔ ان کا سب سے زیادہ سکور 85 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔ دوسرے نمبر پر کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے جیسن روئے نے 227 رنز بنائے ہیں۔ انہوں نے یہ رنز سات میچوں میں 37.83 کی اوسط سے بنائے اور ان کا سب سے زیادہ سکور 73 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔
پی ایس ایل کے گذشتہ سیزنز میں ٹاپ سکورر رہنے والے پشاور زلمی کے کامران اکمل اس مرتبہ سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں میں تیسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے چھ میچوں میں 33.33 کی اوسط سے 200 رنز بنائے ہیں۔ ان کا سب سے زیادہ سکور 101 رہا۔
بولرز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے محمد حسنین سات میچوں میں 14 وکٹوں کے ساتھ سر فہرست ہیں جبکہ کراچی کنگز کے محمد عامر چھ میچوں میں نو وکٹیں حاصل کر کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ ملتان سلطانز کے عمران طاہر چھ میچوں میں آٹھ وکٹیں لے کر تیسرے نمبر پر ہیں۔
ایونٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والوں میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بین کٹنگ سرفہرست ہیں۔ وہ پانچ میچوں میں 13 چھکے لگا چکے ہیں۔ دوسرے نمبر پر بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہی شین واٹسن براجمان ہیں جنہوں نے سات میچوں میں اب تک 12 چھکے لگائے ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے اب تک 11 چھکے لگائے ہیں۔ لاہور قلندرز کے بین ڈنک تین میچوں میں 10 چھکوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ یونائیٹد کے کولن منرو چھ میچوں میں 10 چھکوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان  اب تک 11 چھکے لگا چکے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)

سب سے زیادہ رنز بنانے والی ٹیموں میں لاہور قلندرز 209 رنز کے ساتھ سر فہرست ہے۔ لیکن قلندرز ایک میچ کی فتح کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے ہے۔ کراچی کنگز 201 رنز کے مجموعی سکور کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر جبکہ ملتان سلطانز 199 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
بیٹنگ اور بولنگ کے ساتھ فیلڈنگ میں بھی متعدد کھلاڑیوں نے اپنی کارکردگی سے صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد نواز سات میچوں میں سات کیچز کے ساتھ سر فہرست ہیں جبکہ پشاور زلمی کے ٹام بنٹن پانچ میچوں میں چھ کیچز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیسن روئے سات میچوں میں چھ کیچز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ ملتان سلطانز کے جیمز وینس چار میچوں میں پانچ جبکہ کراچی کنگز کے کرس جورڈن چھ میچوں میں اتنے ہی کیچز کے ساتھ  بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بین کٹنگ 13 چھکوں کے ساتھ سرفہرست ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)

ٹیموں کی پرفارمنس پر نظر دوڑائیں تو ملتان سلطانز چھ میچوں کے بعد نو پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے سات میچوں اور کراچی کنگز کے چھ میچوں کے بعد سات ہی پوائنٹس ہیں۔ تاہم بہتر رنز اوسط کی بنا پر یونائیٹڈ دوسرے، زلمی تیسرے اور کراچی کنگز چوتھے نمبر پر ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سات میچوں کے بعد چھ پوائنٹس ہیں اور پوائنٹس ٹیبل پر گلیڈی ایٹڑز پانچویں نمبر پر ہے۔ لاہور قلندرز کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پانچ میچوں کے بعد دو پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر براجمان ہے۔  
پی ایس ایل فائیو کے 34 میچوں کی میزبانی پاکستان کے چار شہر کر رہے ہیں جن میں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی شامل ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں منعقد کیے جا رہے ہیں۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: