ڈیرن سیمی پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ مقرر
ڈیرن سیمی پشاور زلمی کی جانب سے آج بطور کھلاڑی اپنا آخری میچ کھیل رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
پشاور زلمی نے ڈیرن سیمی کو ہیڈ کوچ بنانے کا اعلان کردیا ہے۔ ڈیرن سیمی پشاور زلمی کی جانب سے آج بطور کھلاڑی اپنا آخری میچ کھیل رہے ہیں۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ڈیرن سیمی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پشاور زلمی کے ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم نے بتایا کہ }ڈیرن سیمی اور ٹیم مینجمنٹ کی مشاورت سے وہاب ریاض کو پشاور زلمی کاکپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ ڈیرن سیمی آج سے لے کرآئندہ دو سال کے لیے پشاور زلمی کے ہیڈکوچ ہوں گے۔{
محمد اکرم نے کہا کہ اگر ٹیم مینجمنٹ نے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا تو ڈیرن سیمی رواں پی ایس ایل سیزن میں ہیڈکوچ کی زمہ داریوں کے ساتھ بطور کھلاڑی بھی دستیاب ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کو دو مرتبہ ورلڈ چیمپین بنانے والے ڈیرن سیمی نے پشاور زلمی اور پاکستان کرکٹ کے لیے جو خدمات کی وہ یاد رکھی جائیں گی۔
اس موقع پر ڈیرن سیمی نے کہا کہ وہ بطور ہیڈ کوچ پشاور زلمی کو بہترین ٹیم بنانے پر کام کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بطور کھلاڑی ہر لمحہ چیلنج سے بھرپور رہا،ٹیم کے لئے ہمیشہ اچھا کھیلنے کی کوشش کی۔
واضح رہے کہ محمد اکرم بطور پشاور زلمی ڈائریکٹر کرکٹ اور باولنگ کوچ برقرار ہیں۔