Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں کورونا مریضوں کی حالت خطرے سے باہر

’کورونا وائرس کا ایک مریض امریکی شہری ہے۔(فوٹو عاجل)
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی کے مطابق سعودی عرب میں نئے کورونا وائرس کے مریضوں کی صحت تسلی بخش ہے۔ خدشے کی کوئی بات نہیں۔
اخبار  24کے مطابق العبد العالی نے بتایا ہے کہ’ مملکت میں کورونا وائرس کے 15 مریضوں میں سے 14قطیف اور دمام کےہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ ان سب کو دیگر مریضوں سے الگ تھلگ رکھا گیا ہے۔ ان کی حالت خطرے سے باہر‘۔
ترجمان نے بتایا کہ ’کورونا وائرس کا ایک مریض امریکی شہری ہے۔ یہ فلپائن اور اٹلی سے ہوتے ہوئے سعودی عرب پہنچا تھا۔ اس کا علاج ریاض کے ایک ہسپتال میں کیاجارہا ہے‘۔

کورونا  کے 15 مریضوں میں سے 14قطیف اور دمام کےہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔(فوٹو عاجل)

’ اسے تمام مریضوں سے الگ تھلگ کرکے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں رکھا گیا ہے‘۔
العبد العالی نے بتایا کہ ’کورونا وائرس سے متاثرین سے ملنے جلنے والوں کی مجموعی تعداد 468 ہے۔ ان سب کی فہرست تیار کرلی گئی تھی ۔ ان کا معائنہ بھی کیا جاچکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گھریلو قرنطینہ میں محصور شہریوں کی تعداد 1153ہے۔ یہ سب صحت مند ہیں۔ ان میں سے کوئی بھی کورونا وائرس کا مریض نہیں۔ انہیں احتیاطی تدبیر کے طور پر گھریلو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’ اب تک پوری دنیا میں کورونا وائرس کے ایک لاکھ 10ہزار مریض ریکارڈ پر آچکے ہیں۔ یہ تقریباً107ممالک میں پائے گئے ہیں۔ ان میں سے 56 فیصد شفا یاب ہوچکے ہیں جبکہ کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد کل مریضوں کا 3.4 فیصد ہے‘۔

شیئر: