پیر نو مارچ سے فیصلے پر عملدرآمد کیا جائے گا (فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کی وزارت تعلیم نے محکمہ صحت کے حکام کی سفارش پر احتیاطی تدبیر کے طور پر تمام سکولوں، سرکاری و نجی تعلیمی اداروں، یونیورسٹیوں اور تکنیکی اداروں کو عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس فیصلے پر پیر نو مارچ سے عملدرآمد کیا جائے گا۔
وزارت تعلیم نے تدریسی عمل کی معطلی کے دوران آن لائن ایجوکیشن پروگرام کا بھی اعلان کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت تعلیم نے اپنے ٹویٹر اکاﺅنٹ پر بیان جاری کر کے کہا ہے کہ ’یہ فیصلہ سرکاری و نجی سکولوں اور یونیورسٹیوں میں طلبہ و طالبات اور تدریسی و انتظامی عملے کی سلامتی اور صحت کے تحفظ کی خاطر کیا گیا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ’14 رجب 1441ھ مطابق 9 مارچ 2020 سے تا اطلاع ثانی سعودی عرب کے تمام صوبوں اور کمشنریوں میں تعلیم سرگرمیاں عارضی طور معطل کر دی گئی ہیں‘۔
یہ پابندی سرکاری و نجی سکولوں، تعلیمی اداروں، کالجوں، یونیورسٹیوں، سرکاری و نجی پیشہ ورانہ و تکنیکی تربیت جنرل کارپوریشن پر لاگو ہوگی۔
وزارت تعلیم نے اطمینان دلایا ہے کہ تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ احتیاطی تدبیر کے طور پر کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے کوئی تشویش میں مبتلا نہ ہو۔
’سب لوگ حفاظتی تدابیر کی پابندی کریں اور صحت کے حوالے سے ہدایات پر عمل کریں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکا جا سکے۔ تعلیم کی بحالی کے لیے متعلقہ کمیٹی نئی صورتحال کا جائزہ لیتی رہے گی‘۔
دریں اثنا ریاض اور مدینہ کی میونسپلٹیوں نے نئے کورونا وائرس سے بچانے اور صحت عامہ کی خاطر احتیاطی تدابیر نافذ کی ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق ریاض میونسپلٹی نے رپورٹوں کے تناظر میں بازاروں، ریستورانوں اور دکانوں پر پابندی عائد کی ہے کہ وہ وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے اور اپنے صارفین کی سلامتی کی خاطر حفاظتی احتیاطی تدابیر کریں۔
ریاض میونسپلٹی نے مالز کے مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ واش روم اور مالز کے تمام حصوں میں جراثیم کش ادویات کا سپرے کرائیں۔
ریستورانوں میں ویٹرز کو حفاظتی ماسک پہننے اور باربر شاپز کے کارکنوں کو دستانے اور حفاظتی ماسک کے استعمال کی تاکید کی گئی ہے۔
مدینہ میونسپلٹی نے شاپنگ ٹرالی پر جراثیم کش ادویات کا سپرے کرایا ہے۔ دکانداروں اور کارکنان کے لیے سینیٹائزر کا استعمال ضروری قرار دے دیا۔
کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے والی دکانوں کے کارکنان اور باربر شاپز کے کارکنوں کو دستانے اور حفاظتی ماسک استعمال کرنے اور صفائی کی سخت تاکید کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں تاریخی مقامات اور شہر کے مرکزی علاقے میں صحن اور فٹ پاتھ دھلوائے گئے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے تمام ادارو ں میں کورونا وائرس سے بچاﺅ کی تدابیر کی مہم جاری ہے۔