اقامہ ہولڈرز کی واپسی کے لیے پی آئی اے کی خصوصی پروازیں
اقامہ ہولڈرز کی واپسی کے لیے پی آئی اے کی خصوصی پروازیں
جمعرات 12 مارچ 2020 14:25
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
پی آئی اے حکام کے مطابق سعودی عرب کے لیے مزید پروازیں بھی ترتیب دی جا رہی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کی وزارت داخلہ کی جانب سے پاکستان سمیت کورونا وائرس سے متاثرہ دیگر ممالک میں اقامہ رکھنے والے شہریوں کو واپسی کے لیے 72 گھنٹوں کی مہلت دی گئی ہے جس کے تناظر میں پاکستان نے سعودی عرب کے لیے خصوصی پروازوں کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کے ترجمان عبد اللہ حفیظ نے اردو نیوز کو بتایا کہ سعودی حکومت کے اعلان کے بعد فوری طور پر تین پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک پرواز اتوار کو اسلام آباد سے جدہ، دوسری سنیچر کو کراچی سے مدینہ اور تیسری بھی سنیچر کو کراچی سے جدہ کے لیے چلائی جائے گی۔‘
ترجمان کے مطابق اس حوالے سے مزید پروازیں بھی ترتیب دی جا رہی ہیں۔
دوسری طرف پاکستانی دفتر خارجہ نے اپنے سفارتخانے اور قونصل خانوں میں خصوصی ہاٹ لائن قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ ’پاکستانی شہریوں کی سہولت کے لیے سعودی عرب کے سفارت خانے اور قونصل خانوں میں ہاٹ لائن قائم کر دی گئی ہے۔‘
کراچی میں اردو نیوز کے نامہ نگار توصیف رضی ملک کے مطابق پی آئی اے ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ تین دن کا وقت کافی کم ہے، ابھی تو بہت سے مسافروں کو پتا بھی نہیں کہ ایسے کوئی احکامات آئے ہیں اور اس حوالے سے اضافی پروازیں چلیں گی۔
ٹریول ایجنٹ اور ٹور آپریٹرز کو سعودی حکومت کے احکامات کے حوالے سے کوئی سرکاری اعلامیہ موصول نہیں ہوا۔ ٹریول ایڈوائزر مناقب ارتقاء نے اردو نیوز کو بتایا کہ ابھی واٹس ایپ گروپس اور میسجز میں سعودی عرب کے نئے احکامات کے حوالے سے خبریں گردش کر رہی ہیں لیکن آفیشل اعلامیہ نہ ہونے کی وجہ سے لوگ شش و پنج کا شکار ہیں۔
مناقب نے بتایا کہ اس وقت سعودی ائیر لائن کی روزانہ ایک پرواز کراچی سے روانہ ہوتی ہے اور فلحال تو اس میں سیٹیں دستیاب ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ابھی تک سعودی ایوی ایشن انتظامیہ کی جانب سے ائیر لائن کو نئے احکامات کے حوالے سے ہدایت نامہ جاری نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے ٹکٹ بکنگ میں زیادہ تیزی نہیں، ’ہاں البتہ کل سے مسافروں کا کچھ رش بڑھا ہے۔‘
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے خدشے کے باعث سعودی وزارت داخلہ نے پاکستان، انڈیا اور یورپی یونین کے بیشتر ممالک کے سفر پر عارضی پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی سلامتی کے لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان، انڈیا، یورپی یونین، سری لنکا، فلپائن، سوڈان، اریٹریا، کینیا، جبوتی اور صومالیہ جانے اور وہاں سے آنے والی پروازیں معطل کر دی گئی ہیں‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’فیصلے سے ان ممالک میں رہائش پذیر شہریوں اور مذکورہ ممالک کے ان شہریوں کو واپس آنے کے لیے 72 گھنٹے کی مہلت دی جا رہی ہے جن کے پاس سعودی عرب کے اقامے ہیں‘۔
کورونا وائرس سے 100 سے زائد ممالک متاثر
کورونا وائرس سے اب تک دنیا کے 113 ممالک میں متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ 18 ہزار 554 ہوگئی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق دسمبر 2019 میں کورونا کی تشخیص کے بعد سے آج بدھ تک دنیا بھر میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد چار ہزار 281 ہوگئی ہے۔
بدھ کے روز دنیا بھر میں اس وائرس کے 12 سو 14 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
چین، جہاں سے یہ وائرس پوری دنیا میں پھیلا، میں متاثرین کی تعداد 80 ہزار 778 ہو گئی ہے جبکہ تین ہزار 158 افراد اب تک ہلاک ہو چکے ہیں۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کری