Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقامہ ہولڈرز کو واپسی کے لیے 72 گھنٹے کی مہلت

وزارت داخلہ نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں پرزور دیا کہ درست معلومات کی فراہمی کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر انحصار کیا جاسکتا ہے: فوٹو اے ایف پی
سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے پاکستان اور انڈیا سمیت کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک سے اقامہ رکھنے والے تارکین کو واپس آنے کے لیے 72 گھنٹے کی مہلت دینے کا اعلان کیا ہے۔
وزارت داخلہ کی یہ رعایت ان تارکین کے لیے ہے جن کے پاس نافذ العمل اقامے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی عرب نے کورونا وائرس کے خدشے کے باعث پاکستان، انڈیا اور یورپی یونین کے بیشتر ممالک کے سفر پر عارضی پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے ’سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی سلامتی کے لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان، انڈیا، یورپی یونین، سری لنکا، فلپائن، سوڈان، اریٹریا، کینیا، جبوتی اور صومالیہ جانے اور وہاں سے آنے والی پروازیں معطل کر دی گئی ہیں‘۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ’گذشتہ 14 دن کے دوران مذکورہ ممالک میں قیام کرنے والوں پر بھی سعودی عرب میں داخلے پر پابندی ہے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’فیصلے سے ان ممالک میں رہائش پذیر شہریوں اور مذکورہ ممالک کے ان شہریوں کو واپس آنے کے لیے 72 گھنٹے کی مہلت دی جا رہی ہے جن کے پاس سعودی عرب کے اقامے ہیں‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’فیصلے سے انڈیا اور فلپائن کے ان اقامہ ہولڈروں کو استثنی ہے جو صحت کے شعبے میں ملازمت کرتے ہیں‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’پروازوں کی معطلی کا اطلاق شہریوں کے انخلا، تجارت اور کارگو پر نہیں ہوگا‘۔
سعودی عرب کی وزارت داخلہ اور وزارت صحت کے مابین مشترکہ طور پر ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اس بارے میں لوگوں کو خبردار کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
وزارت داخلہ نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں پرزور دیا کہ درست معلومات کی فراہمی کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر انحصار کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی حکومت نے کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر متحدہ عرب امارات یا بحرین میں موجود اپنے شہریوں کو 72 گھنٹے کے اندر واپسی کی مہلت دی تھی۔
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: