Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلوی صحافی سے رشوت مانگنے والا اہلکار گرفتار

فریڈمین نے اہلکار کی جانب سے رشوت مانگنے پر ویڈیو بیان جاری کر دیا (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستانی حکام نے لاہور ایئرپورٹ پر ڈیوٹی کرنے والے ایک اہلکار کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس پر آسٹریلوی صحافی ڈینس فریڈمین سے رشوت مانگنے کا الزام ہے۔ لاہور ایئرپورٹ کے حکام کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’نجی کمپنی کے ایک اہلکار کو سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے شناخت کے بعد حراست میں لے لیا گیا ہے۔‘
 واضح رہے کہ آسٹریلوی صحافی ڈینس فریڈمین پی ایس ایل کے میچز دیکھنے کے لیے پاکستان آئے ہوئے تھے اور واپس جانے کے بعد انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں اس واقعہ کا ذکر کیا۔

 

 ان کے مطابق جب وہ اپنے وطن واپس جانے کے لیے لاہور ایئرپورٹ پہنچے تو ایک اہلکار نے امیگریشن کی کارروائی فوری طور پر کروانے میں ان کی مدد کی اور اس کے بعد ان سے اس کام کے بدلے میں پیسے طلب کیے۔
آسٹریلوی صحافی کے مطابق جب میں نے اس اہلکار کو بتایا کہ ’میرے پاس پیسے نہیں ہیں تو اس کا رویہ جارحانہ ہوگیا اور اس نے میرا بٹوا دیکھنے کا مطالبہ کر دیا۔ پہلے مجھے لگا کہ یہ کوئی قانونی معاملہ ہے لیکن جلد ہی مجھے احساس ہوگیا کہ یہ کرپشن ہے اور اگر مجھے پہلے پتا چل جاتا تو کبھی بھی اس اہلکار سے مدد نہ لیتا۔‘
ڈینس فریڈمین کا ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا جس کے بعد لاہور ایئرپورٹ حکام نے معاملے کی چھان بین شروع کر دی۔
واضح رہے کہ آسٹریلوی صحافی ڈینس فریڈمین پاکستان میں بہت مقبول ہیں اور وہ اکثر پاکستان کے معاملات پر ٹویٹ کرتے رہتے ہیں۔ وہ پاکستان سپر لیگ کے بھی حامی ہیں اور اسی وجہ سے انہیں سوشل میڈیا پر انڈین صارفین کی طرف سے تنقید کا سامنا رہتا ہے۔

ڈینس فریڈمین پاکستان میں پی ایس ایل کے میچز دیکھنے آئے تھے (فوٹو: اے پی پی)

ڈینس فریڈمین کے ساتھ ہونے والے واقعے کے بعد چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور ایئرپورٹ نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دیں۔
 حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ یہ واقعہ آٹھ مارچ کو لاہور ایئرپورٹ پر پیش آیا۔ ایئرپورٹ اور سول ایوی ایشن حکام نے سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے شناخت کے بعد اس اہلکار کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔
 حکام کے مطابق سی آئی پی لاؤنج میں تعینات یہ اہلکار ایک نجی کمپنی کا ملازم ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ڈینس فریڈمین تھائی ایئر کی پرواز 346 کے ذریعے لاہور سے بنکاک روانہ ہو رہے تھے جب ایک اہلکار نے ان سے مبینہ رشوت طلب کی۔
 ایئرپورٹ حکام کے مطابق اہلکار کا ایئرپورٹ انٹری پاس معطل کر دیا گیا ہے جب کہ معاملے کی مزید تفتیش ابھی جاری ہے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر:

متعلقہ خبریں