Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پولیس اہلکار مصافحے سے اجتناب کریں‘

سندھ پولیس نے کورونا وائرس کے خطرے کے تناظر میں پولیس اہلکاروں کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں انہیں آپس میں مصافحہ کرنے اور بغل گیر ہونے سے اجتناب برتنے کے علاوہ ایک دوسرے سے مناسب فاصلے پر کھڑے ہو کر ڈیوٹی کرنے کا کہا گیا ہے۔
کراچی میں پاکستان سپر لیگ فائیو کے میچز سے قبل جاری کردہ اعلامیہ میں پولیس اہلکاروں کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ دورانِ ڈیوٹی سرجیکل ماسک پہن کر رکھیں، خاص طور پر اس وقت جب وہ پُرہجوم مقامات پر ہوں، تاکہ ناک اور منہ مکمل ڈھکا رہے۔
انسپکٹر جنرل سندھ پولیس کے دفتر سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اہلکاروں کو دن میں متعدد بار باقاعدگی سے ہاتھ دھونے کی تلقین بھی کی گئی ہے۔
دوسری طرف وزیرِ اطلاعات ناصر حسین شاہ نے جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ تمام لوگ جنہوں نے گذشتہ ایک ماہ میں ملک سے باہر سفر کیا ہے وہ پی ایس ایل میچ دیکھنے سٹیڈیم نہ جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک ملک میں اس وائرس کے پھیلنے کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا، جو بھی کورونا کا شکار ہوئے ان کی ٹریول ہسٹری تھی۔
دوسری جانب نیشنل سٹیڈیم کراچی میں فیومیگیشن مشین پہنچا دی گئی ہے جبکہ نجی صابن ساز کمپنی کی جانب سے ہینڈ واش کے سٹال بھی احاطے میں لگائے جا رہے ہیں۔
اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سٹیڈیم آنے والے شائقین کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ایڈوائزری جاری کی جس میں یہ بھی کہا گیا کہ نزلہ اور زکام کی علامات کے دوران سٹیڈیم آنے سے اجتناب کریں۔
شائقین سے کہا گیا ہے کہ وہ ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، کھانسی اور بخار میں مبتلا افراد سے رابطہ محدود رکھیں اور غیر ضروری طور پر کرسیوں، سٹیل بارز اور ریلینگز کو ہاتھ لگانے سے بچیں۔

کراچی میں پی ایس ایل کے میچز کا انعقاد شیڈول کے مطابق کیا جا رہا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

ایڈوائزری میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سٹیڈیم میں تھوکنے، پانی، خوراک اور خالی بوتلیں پھینکنے سے پرہیز کریں، چھینکتے وقت ٹشو پیپر یا رومال کا استعمال کریں اور استعمال کے بعد اسے کوڑے دان میں ضرور ڈالیں۔
علاوہ ازیں، صابن سے ہاتھ دھوئیں، کھانسی یا چھینک کے بعد سینیٹائزر کا استعمال کریں، کھانے سے پہلے، بعد میں اور ٹائلٹ کے استعمال کے بعد صابن کا استعمال کریں۔
کراچی میں پی ایس ایل کے میچز کا انعقاد شیڈول کے مطابق کیا جا رہا ہے، جمعرات کی شام لاہور قلندرز کا مقابلہ کراچی کنگز سے ہوگا جبکہ دن میں پشاور زلمی کی ٹیم سٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: