شدید گردوغبار کے باعث سفر کرنےوالوں کو شدید دشواری کا سامنا رہا( فوٹو، سبق نیوز)
مملکت کے بیشتر علاقوں میں جمعرات کو موسم گرد آلود رہا۔ مکہ مکرمہ ریجن میں دن بھر گرد آلود ہوائیں چلتی رہیں جس کی وجہ سے بیشتر شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر رہی۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے پہلے ہی گردآلود موسم کے حوالے سے پیشگی اطلاع دی گئی تھی۔ اس ضمن میں محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ مملکت کے متعدد علاقوں میں گرد وغبار کی شدید لپیٹ میں رہنے کا امکان ہے۔
مقامی ویب نیوز ’سبق‘کے مطابق جمعرات کو مکہ مکرمہ ریجن کے مختلف شہر جن میں جدہ ، القنفذہ ، رابغ ، الجموم ، الکامل، بحرہ ، خلیص اور ساحلی علاقے شامل ہیں میں سارا دن گرد وغبار کے طوفان کی لپٹ میں رہا۔
خراب موسم کے باعث لوگوں نے تفریح کے لیے ساحل جانے سے بھی گریز کیا۔ دن بھر گرد آلود تیز ہوائیں چلتی رہیں جن کے باعث شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی۔
عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ جدہ شہر میں بعض شاہراہوں پر ٹریفک کے اہلکاروں کو شدید گردوغبار کی وجہ سے ڈیوٹی دینے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
گردوغبار سے شدید متاثرہ علاقوں میں شاہراہوں پر گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے ’ ہیزرٹ ‘کا استعمال کیا تاکہ عقب سے آنے والی گاڑی کو تصادم سے بچایا جاسکے۔
جدہ ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ شاہراہ پر بھی گردوغبار کے طوفان کی وجہ سے ڈرائیوروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے توقع ظاہر کی گئی ہے کہ مملکت کے مختلف علاقوں میں گردآلود ہوائیں 15مارچ تک چلنے کا امکان ہے اس حوالے سے شہری دفاع کی جانب سے بھی لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سانس کے مرض میں مبتلا افراد گردوغبار سے خصوصی احتیاط برتیں۔
دوسری جانب سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘کا کہنا ہے کہ جمعرات کو تبوک ریجن کے بعض علاقوں میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی جس سے علاقے میں موسم قدرے سرد ہوگیا۔