سعودی عرب تیل کے محفوظ ذخائر میں 17.8فیصد کا مالک ہے۔( فوٹو ، سوشل میڈیا)
سعودی عرب 267ارب بیرل تیل کے ذخائر کی بدولت دنیا میں دوسرے نمبر پر آگیا۔ سعودی عرب دنیا میں تیل کے محفوظ ذخائر میں 17.8فیصد کا مالک ہے۔ 2018ءکے آخر میں تیل کے مجموعی محفوظ ذخائر 1.5 ٹریلین بیرل تھے۔
عربی روزنامہ ’الاقتصادیہ‘ کے مطابق سعودی وزارت توانائی اوراوپیک تنظیم کے اعدادوشمار کے مطابق 2018ءکے دوران سعودی عرب کے محفوظ تیل ذخائر میں 0.3 فیصد (766ملین بیرل) کا اضافہ ہوا۔ جبکہ 2017ءکے آخر میں سعودی عرب کے محفوظ تیل ذخائر 266.3ارب بیرل تھے۔
سعودی عرب محفوظ تیل ذخائر کے سلسلے میں وینیزویلا کے بعد پوری دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔ وینیزویلا کے پاس 302.8ارب بیرل تیل ہے۔یہ پوری دنیاکا 20.2فیصد ہے۔
سعودی عرب کے محفوظ تیل ذخائرمشرق وسطیٰ کے ممالک کا 33.2فیصد ہے۔ مشرق وسطیٰ کے ممالک 803.2ارب بیرل تیل کے محفوظ ذخائر کے مالک ہیں۔
اوپیک تنظیم میں شامل ممالک کے محفوظ تیل ذخائر 2018ءکے آخر میں 1.19ٹریلین بیرل تھے۔ سعودی عرب اس کے 22.4فیصد کا مالک ہے۔
دنیا بھر میں تیل کے محفوظ ذخائر رکھنے والے دس بڑے ممالک میں ایران کا نمبر وینیزویلا کے بعد ہے۔ ایران 155.6ارب بیرل تیل کے ذخائر کا مالک ہے۔ یہ دنیا کے کل محفوظ ذخائر کا10.4فیصد ہے۔ عراق چوتھے نمبر پر ہے جس کے پاس 145ارب بیرل کے تیل ذخائر ہیں۔
کویت پانچویں نمبر پر ہے جس کے پاس 101.5ارب بیرل تیل کے محفوظ ذخائر ہیں۔ امارات کا نمبر چھٹا ہے جس کے ذخائر 97.8 ارب بیرل ہیں۔ روس ساتویں نمبر پر ہے جس کے پاس 80ارب بیرل تیل کے محفوظ ذخائر ہیں۔لیبیا آٹھویں ، امریکہ نویں اور نائجیریا دسویں نمبر پر ہے۔