تیل پیداوار کی مکمل بحالی ستمبر کے آخر تک، وزیر توانائی
تیل پیداوار کی مکمل بحالی ستمبر کے آخر تک، وزیر توانائی
منگل 17 ستمبر 2019 22:42
وزیر توانائی نے کہا ہے کہ اندرون ملک تیل کی ترسیل متاثر نہیں ہوئی تھی (فوٹو: رائٹر)
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے اعلان کیا ہے کہ آرامکو تیل تنصیبات کی اصلاح ومرمت مکمل کرلی گئی ہیں۔ حملوں سے متاثر ہونے والی تنصیبات اپنی اصلی حالت میں آگئیں ہیں۔ حملوں سے پہلے جتنا تیل نکالا اور سپلائی کیا جارہا تھا اتنی ہی پیداوار اور ترسیل منگل کی دوپہر سے شروع کردی گئی ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق وزیر توانائی نے منگل کو پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ مجھے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے یہ خوشخبری سنانے کا حکم دیا ہے کہ تیل منڈی کے لیے ترسیل حملوں سے قبل والی حالت پر آگئی ہے۔
سعودی وزیر توانائی نے اعلان کیا ہے کہ خشک گیس، ایتھن گیس اور سیال گیس کی پیداوار رفتہ رفتہ بحال ہوگی ۔ اس ماہ کے اختتام تک گیس کی پیداوار معمول پر آجائے گی۔سعودی وزیر توانائی نے تیل تنصیبات پر حملے میں ملوث ہونے کا الزام کسی بھی فریق پر نہیں لگایا۔
وزیر توانائی نے کہا ہے کہ اندرون ملک تیل کی ترسیل حملوں سے متاثر نہیں ہوئی تھی۔انہوں نے کہا ہے کہ دہشتگردانہ حملہ تمام ترقی پذیر اور ترقی یافتہ ممالک پر حملہ تھا۔
وزیر توانائی نے بتایا ہے کہ سعودی آرامکو رواں ماہ کے دوران اپنے سارے معاہدے پورے کرے گی۔ ایک طرف تو تیل کی پیداوار معمول سے زیادہ کی جائے گی اور دوسری جانب تیل کے ذخائر سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔
شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب ستمبر کے آخر میں یومیہ 11ملین بیرل تیل نکالے گا اور آئندہ نومبر کے اختتام سے قبل یومیہ پیداوار 12ملین بیرل یومیہ تک پہنچا دے گا۔
شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ تیل تنصیبات پر حملے کا مقصد بین الاقوامی تیل منڈی کو معطل کرنا تھا۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشتگردانہ حملوں کی پشت پناہی کرنے والوں کا احتساب کرے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ان حملوںسے بین الاقوامی تیل منڈی کو نقصان ہوا ہے۔ ان سے تیل کے وہ خریدار بھی متاثر ہوئے ہیں جو سعودی عرب سے پیٹرول نہیں خریدتے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ آرامکو سعودی عرب کے اندر اور دنیا بھر میں تیل بھاری مقدار میںذخیرہ کئے ہوئے ہے۔
آرامکو کے چیئرمین یاسر الرمیان نے بتایا ہے کہ آرامکو تنصیبات پر ہونے والے حملوں کے بعد 7گھنٹے کے اندر آگ پر قابو پالیا گیا تھا۔ اب ابقیق سے روزانہ 20لاکھ بیرل تیل نکالا جارہا ہے۔
الرمیان نے زور دیکر کہا ہے کہ آرامکو مقررہ وقت پر اپنے حصص مارکیٹ میں پیش کرے گی۔ یہ ہماری حکومت کا عہد ہے پورا کیا جائے گا۔ اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ آئندہ 12ماہ کے دوران کسی بھی وقت آرامکو کے حصص فروخت کرنے کا اعلان ہوجائے گا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں