Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلطانز نے زلمی کو تین رنز سے ہرا دیا

کامران اکمل بڑا سکور بنانے میں ناکام رہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستان سپر لیگ کے 27 ویں میچ ملتان سلطانز نے ایک اور فتح اپنے نام کرتے ہوئے پشاور زلمی کو تین رنز سے شکست دے دی ہے۔
نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں شائقین کے بغیر کھیلے جانے والے اس میچ میں ملتان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چھ وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے تاہم جواب میں پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز ہی بناسکی۔
ملتان سلطانز کی طرف سے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی اوپنر روحیل نذیز تھے جو محض 14 رنز بنا کر راحت علی کا شکار بنے۔ 
ذیشان اشرف 52 رنز بنا کر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ معین علی بغیر کوئی رن بنائے راحت علی کی بال پر بولڈ ہوگئے۔
روی بوپارہ پانچ رنز بنانے کے بعد عامر خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، حماد اعظم نے ان کا کیچ لیا۔ کپتان شان مسعود 28 رنز بنانے کے بعد حسن علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی (فوٹو: سوشل میڈیا)

راحت علی تین وکٹوں کے ساتھ پشاور زلمی کے سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ حسن علی، محمد عامر خان اور وہاب ریاض نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
بیٹنگ میں پشاور زلمی کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا کیونکہ اس کے اوپنر کامران اکمل دوسرے ہی اوور میں صرف دو رنز بنا کر فاسٹ بولر محمد عرفان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
ان کے بعد کپتان وہاب ریاض خود ون ڈاؤن پر بیٹنگ کرنے آئے مگر وہ بھی محض تین رنز بنا کر فاسٹ بولر سہیل تنویر کا شکار بن گئے۔ ان کے بعد عمر امین نے امام الحق کے ساتھ سکور آگے بڑھایا مگر پھر وہ بھی 29 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
شعیب ملک اور امام الحق نے 70 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی جس کے بعد امام 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ نوجوان بیٹسمین حیدر علی اس میچ می بڑا سکور بنانے میں ناکام رہے۔ وہ صرف ایک رن بنا پائے۔

یہ میچ خالی میدان میں کھیلا گیا (فوٹو: سوشل میڈیا)

130 کے مجموعی سکور پر پشاور کے تجربہ کار بیٹسمین شعیب ملک بھی 30 رنز بنا کر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے جس کے بعد میچ پشاور کے ہاتھوں سے نکل گیا۔
سلطانز کی جانب سے سہیل تنویر نے تین، علی شفیق نے دو جبکہ محمد عرفان اور معین علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس میچ میں زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ زلمی کی طرف سے کسی بھی غیر ملکی کھلاڑی نے یہ میچ نہیں کھیلا۔
پی ایس ایل فائیو میں دونوں ٹیموں کے درمیان یہ دوسرا میچ تھا۔ پہلے میچ میں بھی سلطانز نے زلمی کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔
شیڈول میں تبدیلی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر پی ایس ایل  فائیو کے شیڈول میں تبدیلی کردی ہے اور اب ٹورنامنٹ کا فائنل 22 مارچ کے بجائے 18 مارچ کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہوگا۔
 پی سی بی  نے ایونٹ کے  پلے آف میچز کو سیمی فائنل اور فائنل میں تبدیل کردیا ہے۔
فیصلے کے مطابق پی ایس ایل 2020 کو چار روز تک محدود کردیا گیا ہے اور نئے شیڈول کے مطابق اب 34 کی بجائے 33 میچز کھیلے جائیں  گے۔
کون سے غیرملکی کھلاڑی پی ایس ایل چھوڑ کر جا رہے ہیں؟
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ سے دستبردار ہونے کی اجازت دے دی ہے۔

پی سی بی کے ترجمان سمیع الحسن برنی نے اردو نیوز کو بتایا کہ آٹھ غیر ملکی کھلاڑیوں نے کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر لیگ سے دستبردار ہونے کی درخواست کی تھی۔
گذشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے پیش نظر حکومتِ سندھ کی سفارش پر نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل 2020 کے آئندہ میچز شائقین کے بغیر منعقد کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق آج 13 مارچ جمعے سے ہوگا۔
پی سی بی نے تماشائیوں سے درخواست کی ہے کہ وہ حکومتِ سندھ کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری پر مکمل عمل کرتے ہوئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
پی ایس ایل کا سفر
پاکستان سپر لیگ کا آغاز 2016 میں ایک ایسے وقت میں ہوا تھا جب غیر ملکی ٹیمیں اور کھلاڑی امن و امان کی صورت حال کی وجہ سے پاکستان آنے سے انکاری تھے۔ اس لیے ٹورنامنٹ کا افتتاحی ایڈیشن مکمل طور پر متحدہ عرب امارت کے شہروں شارجہ اور دبئی میں کھیلا گیا تھا۔

پی ایس ایل 2020 میں کُل 10 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔ فوٹو: اے ایف پی

تاہم دوسرے ایڈیشن سے ٹورنامنٹ کی بتدریج پاکستان منتقلی کا آغاز ہوا۔ 2017 میں پی ایس ایل ٹو کا فائنل لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان مقابلہ ہوا۔
2018 میں ٹورنامنٹ کے تیسرے ایڈیشن کے تین میچز پاکستان میں ہوئے جن میں دو پلے آف اور فائنل میچ شامل تھے۔ گذشتہ سال پی ایس ایل فور کے آٹھ میچز پاکستان میں ہوئے۔
پی ایس ایل کا انعام
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی ایس ایل 2020 میں کُل 10 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔
پی ایس ایل فائیو کی فاتح ٹیم کو ایونٹ کی ٹرافی کے ہمراہ پانچ لاکھ ڈالر کی انعامی رقم بھی ملے گی، جب کہ پی ایس ایل فائیو کی رنراپ ٹیم دو لاکھ ڈالر وصول کرے گی۔

شیئر: