کورونا سے نمٹنے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے (فوٹوٹوئٹر)
سعودی عرب میں ہونے والے جی ٹوئٹنی کے نمائندہ اجلاس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے-
الخبر میں جی ٹوئنٹی ممالک کے نمائندہ اجلاس نے بین الاقوامی معیشت اور اقوام عالم پر کورونا وائرس کے اثرات اور تازہ حالات کا جائزہ لیا ہے-
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق جی ٹوئنٹی اجلاس میں کورونا وائرس پھیلنے سے انسانی المیے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور اطمینان دلایا گیا کہ جی ٹوئنٹی میں شامل ممالک کورونا سے متاثرہ تمام ممالک کے ساتھ کھڑے ہیں-
اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا کہ ’کورونا وائرس کی وبا سے پیدا ہونے والی صورتحال کا تقاضا ہے کہ عالمی برادری اس پر ٹھوس اور مثبت اقدام کرے- جی ٹوئنٹی میں شامل ممالک کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے اقوام عالم کو اس سے بچانے کے لیے ایک دوسرے سے تعاون اور مطلوبہ اقدامات کریں گے‘-
’عالمی معیشت پر اس کے اثرات کا دائرہ محدود کرنے ’عالمی معیشت کے استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری تدابیر اختیارکریں گے‘-
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ’انسانی جانوں کی سلامتی بے حد اہم ہے- جی ٹوئنٹی میں شامل ممالک عالمی ادارہ صحت کے ساتھ تعاون کریں گے اور اس کے ساتھ مل کر وائرس کے پھیلاو پر نظر رکھنے کے لیے بھرپور تعاون کریں گے‘-
جی ٹوئنٹی میں شامل ممالک نے اس بات پرزور دیا کہ تمام بین الاقوامی تنظیمیں اس سلسلے میں بھرپور تعاون کریں- جی ٹوئنٹی میں شامل ممالک کورونا وائرس ویکسین اور علاج فراہم کرنے نیزاس کے خطرات سے پیشگی انتباہ کا نظام تیار کرنے والی کوششوں کا ساتھ دیں گے-
بیان کے مطابق ’کورونا کے خلاف جنگ ہماری پہلی ترجیح ہے- ترقی پذیر ممالک کے صحت اداروں کو تکنیکی امداد بھی دی جائے گی‘-
جی ٹوئنٹی میں شامل ممالک نے اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات کا خیر مقدم کیا اور تمام ممالک سے اپیل کی کہ وہ فنڈنگ کی سہولتیں مزید بہتر بنائیں-