Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی عمرہ زائرین کو واپس لانے کے لیے تین دن کی مہلت

سعودی عرب واپس آنے والے اقامہ ہولڈرز کو دی جانے والی مہلت ختم ہوگئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب میں موجود پاکستانی عمرہ زائرین کو واپسی کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن میں مزید تین دن کی توسیع کر دی گئی ہے جبکہ دوسری جانب کورونا وائرس کے انسداد کے لیے کی جانے والی کوششوں کے پیش نظر سعودی عرب میں بین الاقوامی پروازوں کی آمد پر پابندی کا آغاز ہو چکا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ نے ٹوئٹر پر بیان جاری کیا ہے کہ ’بین الاقوامی پروازوں کی معطلی کے فیصلے پر عملدرآمد کا آغاز اتوار سے دو ہفتوں تک جاری رہے گا۔‘
محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب واپس آنے والے اقامہ ہولڈروں کی دی جانے والی مہلت آج اتوار سے ختم ہوگئی ہے، اس کے ساتھ تمام انٹرنیشنل پروازیں معطل کی جا رہی ہیں۔‘

پاکستانی عمرہ زائرین کو واپس لانے کے لیے مزید تین دن کی مہلت

پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کے ترجمان عبد اللہ حفیظ نے اردو نیوز کے نامہ نگار زبیر علی خان کو بتایا کہ ’سعودی حکام نے عمرہ زائرین کو واپس آنے کے لیے مزید تین دن کی توسیع کی ہے۔‘
عبد اللہ حفیظ نے کہا کہ ’پی آئی اے نے سعودی حکام سے درخواست کی تھی کہ سعودی عرب میں موجود عمرہ زائرین کو واپس لانے کی مہلت میں اضافہ کیا جائے جس پر سعودی حکام نے پی آئی اے کو 18 مارچ تک کی مہلت فراہم کی ہے۔‘
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق سعودی عرب سے پاکستان کے لیے پی آئی اے کی مختلف پروازیں اتوار کو 18 سو جبکہ پیر کے روز 33 سو عمرہ زائرین کو لے کر پاکستان پہنچیں گی۔
ترجمان نے سعودی عرب میں موجود پاکستانیوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ’جلد از جلد پی آئی اے سے رابطہ کریں تاکہ پاکستانی عمرہ زائرین اور دیگر افراد کی تعداد کا اندازہ لگایا جا سکے اور سعودی عرب میں موجود پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے مزید پروازیں چلانی پڑیں تو اس کا بھی فیصلہ کر لیا جائے۔‘

’واپس نہ آ سکنے والے افراد کو ملازمتوں سے خصوصی چھٹی پر تصور کیا جائے گا‘ (فوٹو: اے ایف پی)

سعودی وزارت داخلہ کا خصوصی چھٹی کا اعلامیہ 

سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’واپس آنے کی مہلت ختم ہونے کے بعد جو شہری وغیر ملکی پروازوں کی معطلی کی وجہ سے نہیں آ سکے انہیں دفاتر اور ملازمتوں سے خصوصی چھٹی پر تصور کیا جائے گا۔‘
وزارت نے واضح کیا ہے کہ ’بین الاقوامی پروازوں کی معطلی کے دوران خصوصی استثنائی حالات میں جن لوگوں کو واپس آنے کی اجازت ہوگی انہیں مقررہ مدت کے لیے وزارت صحت کے مراکز یا ان کے ان کے اپنے گھروں میں قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔‘
وزارت نے بتایا ہے کہ ’سعودی حکومت مختلف ممالک میں پھنس جانے والے اپنے شہریوں کے انخلا کے لیے خصوصی پروازیں چلائے گی۔‘
یاد رہے کہ سعودی حکومت نے پاکستان اور انڈیا سمیت کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک کے اقامہ ہولڈروں کو واپس آنے کے لے72گھنٹے کی مہلت دی تھی جو آج اتوار کو مقامی وقت کے مطابق صبح 11بجے ختم ہوگئی۔

شیئر: