سعودی عرب کی طرف سے دی گئی 72 گھنٹوں کی مہلت کے بعد پروزاں کا نیا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
سعودی حکومت کی جانب سے اقامہ رکھنے والے پاکستانیوں کو واپسی کے لیے دی گئی 72 گھنٹوں کی مہلت دیے جانے کے بعد پاکستان کی قومی ایئر لائن سعودی عرب کے لیے سات خصوصی پروازیں چلا رہی ہے جن کی تمام تر ٹکٹیں ایک گھنٹے کے اندر ہی بک ہو گئی تھیں۔
پاکستان ایئر لائن کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے اردو نیوز کو بتایا کہ قومی ایئر لائن کی جانب سے سعودی عرب کے لیے پہلے تین خصوصی پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا تھا جنہیں بعد میں بڑھا کر سات کر دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان خصوصی پروازوں کی سیٹیں ایک گھنٹے میں ہی بک ہو گئی تھیں اور اس وقت تمام خصوصی پروازیں مکمل طور پر بک ہیں۔ ’خصوصی پروازیں جمعے، ہفتے اور اتوار کو چلائی جائیں گی تا کہ ڈیڈ لائن سے پہلے تمام پروازیں سعودی عرب پہنچ جائیں۔‘
پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ سات خصوصی پروازوں میں کراچی سے جدہ کے لیے چار جبکہ اسلام آباد سے مدینہ، دمام اور جدہ کے لیے ایک ایک پرواز چلائی جا رہی ہے۔
عبداللہ حفیظ کا کہنا تھا کہ یہ ایک ایمرجنسی صورتحال تھی جس میں پی آئے اے نے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے پروازیں شیڈول کیں۔ ’اس سے زیادہ پروازیں چلانے کے لیے جہاز مہیا نہیں اور نہ ہی سلاٹس۔‘
ان کے مطابق اس ہنگامی صورتحال میں پی آئی اے وہ واحد ایئر لائن ہے جس نے سعودی عرب کے لیے خصوصی پروازیں چلائیں، کسی اور ایئر لائن نے اس اقدام کی تقلید نہیں کی۔
جمعرات کو سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے پاکستان میں موجود اقامہ ہولڈرز کو واپسی کے لیے 72 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دینے کے بعد قومی ایئر لائن کے حکام نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرتے ہوئے مملکت کے لیے خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کیا تھا۔
پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ اصل چیلینج خصوصی پروازوں کے لیے ہوائی جہاز اور اضافی سلاٹس ارینج کرنا تھا۔ ’قومی ایئر لائن نے جتنے سلاٹس دستیاب تھے وہ تمام حاصل کر کے فلائٹس شیڈول کر دی ہیں، جن تمام کی مکمل بکنگ ہو چکی ہے۔‘
دوسری جانب ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ اس وقت سعودی عرب سفر کے لیے ٹکٹس دستیاب نہیں۔
ٹریول ایڈوائزر مناقب ارتقاء کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے علاوہ کسی ایئر لائن نے خصوصی پرواز کا اعلان نہیں کیا اور پی آئی اے کے ٹکٹ بھی اتنی جلدی بک گئے کہ ٹریول ایجنٹس کے سسٹم پر دستیاب ہی نہیں ہوئے۔
سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے جمعرات کو کورونا وائرس کے خدشے کے باعث پاکستان، انڈیا اور یورپ کے بیشتر ممالک کے سفر پر عارضی پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ’گذشتہ 14 دن کے دوران مذکورہ ممالک میں قیام کرنے والوں پر بھی سعودی عرب میں داخلے پر پابندی ہے‘۔
سعودی وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ اس فیصلے سے ان ممالک میں رہائش پذیر شہریوں اور مذکورہ ممالک کے ان شہریوں کو واپس آنے کے لیے 72 گھنٹے کی مہلت دی جا رہی ہے جن کے پاس سعودی عرب کے اقامے ہیں۔