Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دکانیں بند کروانے کے لیے اہلکاروں کا گشت

فیصلے کا اعلان ہوتے ہی تمام شاپنگ مال میں دکانیں بند ہوگئیں ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں شاپنگ مالز، ریستوران، تفریحی مراکز، باربر شاپس اور بیوٹی پارلربند کرنے کے اعلان کے ساتھ ریاض، جدہ، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور الخبر سمیت تمام بڑے شہروں میں سناٹا چھا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق جدہ سمیت متعدد شہروں کے گورنریٹ نے بازاروں کو بند رکھنے اور لوگوں کو بھیڑ بھاڑ سے روکنے کے لیے خصوصی فورس تعینات کردی ہے۔
جدہ میں فیصلے کا اعلان ہوتے ہی شہر کے تمام شاپنگ مالز میں دکانیں بند ہوگئیں۔ چند ایک باربر شاپ رات گئے تک کھلے رہے تاہم آج صبح سے تمام باربر شاپس اور بیوٹی پارلر بند ہیں۔

شاپنگ مالز کے علاوہ عام بازاروں میں بھی دکانیں بند رکھی جارہی ہیں۔ شہری کی معروف مارکیٹیں جنہیں عرف عام میں ’سوق‘ کہا جاتا ہے رات کو کھلی تھیں مگر آج صبح سے بند ہیں۔
اس کے ساتھ شہری کی سڑکیں سنسان ہیں۔ عام مصرف شاہراہوں پر اکا دکا گاڑیاں سفر کرتی نظر آتی ہیں۔

جدہ کے ساحل سمندر پر جہاں فیملیاں تفریح کے لیے آتی تھیں وہاں میونسپلٹی کے علاوہ گورنریٹ فورس کے اہلکار تعینات ہیں۔
ان تفریحی مقامات میں گاڑیوں کے لیے پاکنگ ایئریا مکمل طور پر بند ہے جہاں داخلے کے راستوں میں رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں۔

اسی سے ملتی جلتی کیفیت ریاض میں بھی دیکھی جارہی ہے جہاں تمام شاپنگ مالز سمیت اشیائے ضروریہ کے علاوہ چیزیں فروخت کرنے والی تمام دکانیں بند ہیں۔
دار الحکومت کی مرکزی شاہراہیں ویران ہیں جبکہ تمام سوشل سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں۔

شہر کے پارکوں اور تفریحی مقامات پر پولیس اہلکار تعینات ہیں جہاں لوگوں کا بڑی تعداد میں جمع ہونا منع ہے۔
ینبع میں ساحل سمندر کو مکمل طور پر بند کردیا گیا جبکہ واکنگ ایئریا کھلا چھوڑا گیا ہے جہاں اکا دکا لوگ صبح ورزش کرنے آئے تھے۔

ینبع میں پولیس، میونسپلٹی اور گورنریٹ کی خصوصی فورس تمام تفریحی مقامات میں تعینات ہے جو لوگوں کو وہاں جمع ہونے سے روک رہی ہے۔
الافلاج شہر کی میونسپلٹی نے مرکزی پارکوں کو مکمل طور پر بند کردیا ہے جبکہ میونسپلٹی کے اہلکار مقامی بازاروں کا تفتیشی دورہ کرکے غیر ضروری اشیا فروخت کرنے والی دکانوں کو بند کر وارہے ہیں۔

طائف میں بھی میونسپلٹی کے اہلکاروں نے تمام پرفضا مقامات کو سیل کردیا ہے جبکہ پارکوں میں پولیس کے اہلکار متعین ہیں جو لوگوں کو جمع ہونے سے روک رہے ہیں۔
مکہ مکرمہ گورنریٹ ذرائع کا کہناہے کہ پارکوں اور تفریحی مقامات پر سیکیورٹی اہلکار کو تعینات کرنے کی وجہ یہ ہے کہ تاکہ سرکاری محکموں اور سکولوں کی تعطیل کا بہانا بنا کر لوگ ان مقامات جمع نہ ہوں۔
وزارت صحت نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کی ہے ۔

شیئر: