Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دکانوں میں حفاظتی ماسک کی قلت

فارمیسیوں میں ماسک دستیاب نہیں اگر ہیں تو زائد قیمتوں پر مل رہے ہیں۔ فوٹو سوشل میڈیا
 سعودی عرب میں کورونا وائرس کے باعث طبی ماسک کی قلت ہے جبکہ قیمتوں میں اضافہ بھی ہوگیا۔
عکاظ اخبارکے مطابق ’فارمیسیوں اور دکانوں میں شیلف حفاظتی ماسک سے خالی پڑے ہیں۔ بعض دکانوں اور فارمیسیوں میں یہ بورڈ بھی چسپاں کردیا گیا ہے کہ ہمارے یہاں حفاظتی ماسک ختم ہوچکے ہیں‘۔
دکانداروں کا کہناہے کہ ’حفاظتی ماسک کا ذخیرہ ختم ہوگیا ہے۔ فی الوقت مارکیٹ میں جو ماسک دستیاب ہیں وہ مہنگے ہیں‘۔

ماسک کا پیکٹ بیس ریال میں ملتا تھا اب چالیس ریال میں دستیاب ہے۔ فوٹو سوشل میڈیا

’ایک دکاندار35 ریال میں ماسک کا ایک پیکٹ فروخت کرتے ہوئے یہ احسان بھی جتا رہا تھا کہ دوسری دکانوں پر یہی پیکٹ 50ریال سے کم میں نہیں ملے گا‘۔
 فارماسسٹ احمد بصیونی نے عکاظ سے گفتگو میں کہا کہ’ ہمارے یہاں ماسک کا ذخیرہ ختم ہوچکا ہے البتہ عین 9 فائیو نامی سپیشل ماسک دستیاب ہیں۔ ان کی قیمت 150سے 200 ریال کے درمیان ہے‘۔
’میرا مشورہ ہوگا کہ عام لوگ یہ ماسک نہ خریدیں۔ یہ عام لوگوں کے لیے نہیں بلکہ ڈاکٹروں اورسپیشل طبی عملے کے لیے ہیں۔ عام آدمی کو اس طرح کے ماسک استعمال کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔
ایک اور فارمیسی نے ایسے حفاظتی ماسک دکھائے جن پر خوبصورت نقوش بنے ہوئے تھے۔ اس کی قیمت 15 تا 30 ریال بتائی گئی۔ ایک اور فارمیسی پر5 ماسک دس ریال میں بیچے جارہے ہیں۔ 

تاجر ماسک مارکیٹ پر اجارہ داری کی کوشش کر رہے ہیں۔ فوٹو سوشل میڈیا

احمد الشہری نے بتایا کہ ’چند روز قبل میں نے ایک فارمیسی سے ماسک کا  پیکٹ بیس ریال میں خریدا تھا ۔ اب وہی فارمیسی وہی  پیکٹ چالیس ریال میں فروخت کررہی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ کوئی روک ٹوک کرنے والا نہیں‘۔
کئی صارفین نے بعض تاجروں پر الزام لگایا کہ وہ من مانی قیمت کے لیے ماسک مارکیٹ پر اجارہ داری  کی کوشش کر رہے ہیں۔
حسین الصبحی نے بتایا کہ ’ گیارہ فارمیسیوں اور دکانوں کے چکر لگا چکا ہوں کہیں سے ایک ماسک بھی نہیں ملا۔ ہر ایک نے یہ کہہ کر معذرت کی کہ ہمارے یہاں ماسک تھے مگر ختم ہوچکے ہیں‘۔
الصبحی کا کہناہے کہ’ اسے ایک دکان سے ماسک کاکارٹن چالیس ریال میں مل گیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہر ایک اس سلسلے میں من مانی کررہا ہے‘۔
جراثیم کش ادویہ فروخت کرنے والی دکانوں پر صفا اور کندرہ میں ماسک  دستیاب نہیں ہیں۔ ایک دکان ہے جہاں چالیس ریال میں ایک کارٹن فروخت ہورہا ہے حالانکہ اس کی حقیقی قیمت دس ریال سے زیادہ نہیں۔
جدہ میں فیصلیہ محلے کا ایک دکاندا ر صحیح قیمت پر ماسک بیچ رہاہے تاہم وہ کسی بھی صارف کو پانچ  پیکٹ سے زیادہ ماسک نہیں دیتا۔
                            
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: