ساڑھے چھ ہزار ہیکٹر صحرائی رقبے سے ٹڈی دل کا خاتمہ
ساڑھے چھ ہزار ہیکٹر صحرائی رقبے سے ٹڈی دل کا خاتمہ
بدھ 18 مارچ 2020 12:56
وزارت کے مطابق آئندہ ایسے حالات کا سامنا کرنے کے امکانات موجود ہیں (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کی وزارت ماحولیات نے صحرائی علاقے میں ساڑھے چھ ہزار ہیکٹر سے زائد رقبے کو ٹڈی دل سے صاف کر دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق گذشتہ ماہ سعودی عرب کے مختلف علاقے ٹڈی دل کی لپیٹ میں رہے۔ وزارت ماحولیات، پانی اور زراعت کی جانب سے یکم مارچ سے 15 مارچ تک صحرا کے 6550 ہیکٹر رقبے سے ٹڈیوں کا خاتمہ کر دیا ہے۔
وزارت ماحولیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ٹڈیوں کی تلاش اور حشرات کی مکمل صفائی کے لیے فیلڈ سٹاف نے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
حائل اور جنوبی الجوف میں ٹڈیوں کی غیر معمولی تعداد دیکھی گئی تھی۔
انڈیا، پاکستان، ایران اور افغانستان کی جانب سے تیزہواوں اور طوفانی کیفیت کے باعث سعودی عرب کے شمال مشرقی علاقے اور دیگر خلیجی ریاستیں ٹڈی دل سے اثرانداز ہوئی تھیں۔
وزارت کے ترجمان نے بتایا کہ مملکت کے مشرقی علاقوں اور حائل سے ٹڈیوں کی بہت بڑی تعداد کا خاتمہ کر دیا گیا ہے جبکہ آئندہ دنوں میں ایسے حالات کا مزید سامنا کرنے کے امکانات موجود ہیں۔
ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے شمالی اورشمال مغربی علاقوں، ریاض، القصیم،مدینہ اور تبوک میں موجودہ صورتحال معمول کے مطابق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹڈیوں اور ریت کے طوفان سے متاثرہ اور خشک سالی کے نتیجے میں متعدد مقامات الاحسا، دمام، الجبیل اور القریات میں ٹڈیوں کی دوبارہ افزائش کی توقع کی جا سکتی ہے۔
وزارت کے ترجمان نے بتایا کہ فیلڈ کنٹرول سٹاف نے اس سے نمٹنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
وزارت کی جانب سے ایسے مقامات کی تلاش اور ٹڈیوں کی افزائش کی روک تھام کے لیے ایک قومی کمپنی کی خدمات کے ساتھ خصوصی گاڑیاں متعین کر دی گئی ہیں۔
یہ قومی کمپنی سعودی عرب سے قریبی ممالک یمن، عمان، انڈیا، پاکستان اور ایران سے ٹڈی دل کی ممکنہ آمد سے احتیاطی تدابیر نافذ کرنے کی کوششوں میں مدد کرے گی۔
سعودی عرب میں زرعی شعبے کے تحفظ کے لیے وزارت کی جانب سے ٹڈیوں اور دیگر کیڑے مکوڑوں کی افزائش کی روک تھام اور ہجرت پرقابو پانے کے منصوبوں پر عملدرآمد بھی جاری ہے۔
سعودی عرب کی خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں