سلطنت عمان کی وزارت ٹرانسپورٹ نے پبلک بس سروس معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عمل درآمد جمعرات 19 مارچ سے شروع ہوگیا۔
پابندی تا اطلاع ثانی برقرار رہے گی۔ یہ فیصلہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔
عاجل ویب سائٹ نے عمانی خبررساں ادارے کے حوالے سے بتایا کہ’ سلطنت عمان نے تمام شہروں میں داخلی بس سروس معطل کی ہے۔ مختلف شہروں کو جوڑنے والی بس سروس پر بھی پابندی لگا دی ہے۔‘
عمانی وزارت ٹرانسپورٹ نے ویب سائٹ پرجاری بیان میں کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 33 ہوگئی ہے۔ بدھ کو مزید 9 کا اضافہ ہوا۔ اس صورتحال کے پیش نظر ٹرانسپورٹ بس سروس معطل کی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے حفاظتی تدبیر کے طور پراب تک سات عرب ممالک اپنی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔
کویت نے تمام بین الاقوامی پروازو ں پر پابندی لگا رکھی ہے۔ کسی بھی ملک کی پرواز کولینڈنگ کی اجازت نہیں ہے۔
تمام کمرشل پروازیں معطل ہیں۔ اس پابندی سے کویتی شہریوں کو لانے لے جانے والی پروازیں اور ایئر کارگو مستثنیٰ ہے۔
مصرنے جمعرات سے ماہ رواں کے آخر تک تمام ہوائی اڈے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
عراق نے اپنے تمام ہوائی اڈے بند کردیے۔ داخلی اور خارجی تمام پروازوں پر 24 مارچ تک پابندی لگائی گئی ہے۔
اردن میں بھی تا اطلاع ثانی تمام پروازوں پر پابندی عائد ہے۔