Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا: بلوچستان اور گلگت بلتستان میں مارکیٹیں بند

احتیاطی تدابیر کے طور پر تجارتی مراکز بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا
کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے پاکستان بھر میں جو اقدامات کیے جا رہے ہیں، ان کا حصہ بنتے ہوئے بلوچستان اور گلگت بلتستان کی حکومتوں نے سنیچر سے بازار بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
بلوچستان کے محکمہ داخلہ کے جمعے کو جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق صوبے میں تین ہفتوں کے لیے تمام بڑے شاپنگ مالز، رش والی مارکیٹیں، بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ اور بس سروس بند رہے گی۔
اس میں مزید لکھا گیا ہے کہ ریستوران میں بیٹھ کر کھانے پر پابندی ہے لیکن ہوم ڈلیوری کی اجازت ہے۔
دوسری جانب گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا ہے کہ تجارتی مراکز سنیچر سے بند کر دیے جائیں گے، تاہم میڈیکل سٹورز اور کھانے پینے کی دکانیں کھلی رہیں گی۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں ہر نئے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں جمعہ کو کورونا کے مزید 11 کیسز کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 92 تک پہنچ گئی ہے۔
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق اب تک تمام کیسز کوئٹہ اور تفتان کے قرنطینہ مراکز سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان مراکز میں موجود مزید 371 مشتبہ افراد کے ٹیسٹ کے نتائج ابھی آنا باقی ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید نو کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان میں سے آٹھ افراد تفتان سے آئے تھے اور باقی ایک کا تعلق نگر سے ہے۔

سندھ حکومت اور پاک فوج نے کراچی کے ایکسپو سینٹر میں قرنطینہ مرکز قائم کیا ہے۔

نگر سے تعلق رکھنے والے مریض نے حال ہی میں کوئی غیر ملکی دورہ نہیں کیا ہے۔
گلگت بلتستان میں کل مریضوں کی تعداد 30 ہوگئی ہے، جبکہ 182 کے نتائج آنا باقی ہے۔

سندھ

جمعے کو سندھ میں کورونا وائرس کے 11 مزید کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 252 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ نئے رپورٹ ہونے والے تمام افراد کا تعلق کراچی سے ہے۔
کراچی میں کورونا وائرس سے اب تک 98 افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں سے ایک مریض کی آج ہلاکت ہوئی جب کہ تین مریض صحتیاب ہو چکے ہیں ۔

ابتدائی طور پہ ایکسپو سینٹر کے دو ہالز میں 11 سو افراد کو بیک وقت قرنطینہ میں رکھنے کی گنجائش ہوگی۔

سندھ حکومت اور پاک فوج کے باہمی اشتراک سے کراچی کے ایکسپو سینٹر میں قرنطینہ مرکز قائم کردیا گیا ہے۔ شہر قائد کے مرکزی علاقے گلشنِ اقبال میں وسیع و عریض رقبے پہ قائم ایکسپو سینٹر میں قرنطینہ مرکز کے قیام کا فیصلہ ایک روز قبل وزیر اعلیٰ سندھ کی قیادت میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا تھا جس میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز بھی موجود تھے۔
ابتدائی طور پہ ایکسپو سینٹر کے دو ہالز میں قرنطینہ کے انتظامات کیے گئے جس میں 11 سو افراد کو بیک وقت قرنطینہ میں رکھنے کی گنجائش ہوگی، ضرورت پڑنے پر مزید ہالز میں انتظامات کر کے 10 ہزار افراد کی گنجائش بھی پیدا کی جا سکے گی۔ اس قرنطینہ مرکز کا انتظام پاک فوج کی فائیو کور کے پاس ہے۔

شیئر: