اقوام متحدہ کی یوم خوشی کی فہرست میں سعودی عرب کا ستائیسواں نمبر
اقوام متحدہ کی یوم خوشی کی فہرست میں سعودی عرب کا ستائیسواں نمبر
اتوار 22 مارچ 2020 14:17
اقوام متحدہ نے اپنی فہرست میں 156ممالک کو شامل کیا ہے۔(فوٹو عرب نیوز)
اقوام متحدہ کی جانب سے عالمی یوم خوشی کی2020 کی شائع ہونے والی سالانہ رپورٹ میں سعودی عرب کا ستائیسواں نمبر ہے۔
سعودی خررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی گزٹ میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق اقوام متحدہ نے اپنی فہرست میں 156ممالک کو شامل کیا ہے۔
عالمی سطح پر 27 ویں نمبر پر ہونے کے ساتھ ساتھ عرب دنیا کے ممالک کی فہرست میں سعودی عرب دوسرے نمبر پر ہے۔
اقوام متحدہ کی اس رپورٹ میں عوام کے معیار زندگی، خوشگوار ماحول اور تفریحی سرگرمیوں کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ سعودی عرب کے حوالے سے رواں سال اس رپورٹ میں پیشرفت دیکھی گئی ہے گذشتہ سال کی عالمی رپورٹ میں یہ 28ویں جب کہ 2018 میں 33ویں نمبر پر تھا۔
اقوام متحدہ کی جانب سے اس رپورٹ میں دنیا کے 186 شہروں کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ سعودی عرب کی شہروں میں مدینہ 46 ویں، جدہ 59 ویں، ریاض 62 ویں اور مکہ 65 ویں نمبر پرہے۔
اس رپورٹ میں توقع ظاہر کی گئی ہے کہ مستقبل میں ریاض، جدہ اور مدینہ دنیا کے 20 بہترین شہروں میں شامل ہو جائیں گے جبکہ مکہ 35واں مقام حاصل کر لے گا۔
سعودی ویژن 2030 کے تناظر میں معیار زندگی پروگرام کے ترجمان مزروح بن صلاح المزروح نے کہا ہے کہ عالمی درجہ بندی میں سعودی عرب کا 27 واں نمبر خوشگوار ماحول میں سماجی بہبود کے حصول کے لیے مملکت کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کا نتیجہ ہے۔
معیار زندگی کے پروگرام کے تمام اقدامات میں مختلف وزارتوں اور اداروں نے اپنے منصوبوں میں شہریوں کی خوشی کو اپنا بنیادی مقصد بنایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے لیے مختلف خوشیاں حاصل کرنے کی اس دوڑ میں ہم اکیلے نہیں ہیں اس معاملے میں دنیا بھی ترقی کر رہی ہے کسی علاقے کی ترقی کا مطلب وہاں کی خوشحالی ہے۔
دنیا بھر کے معیار زندگی کے لحاظ سے اپنے ملک کو اہم بنانے کے لیے سعودی قیادت نے ویژن 2030 میں جو منصوبے رکھےہیں ان کی کامیابی کے لیے ہم مزید کوششیں کریں گے۔
المزروح نے مزید کہا کہ عالمی وبائی مرض کورونا وائرس سے بھرپور طریقے سے نمٹنے کے لیے حکومت کی جانب سے عوام کی خوشحالی کی بہترین کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ریاست کی فلاح و بہبود اور معاشرے کی خوشحالی خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
واضح رہے کہ ورلڈ ہیپیسٹ رپورٹ میں عوام کے معیار زندگی میں بہتری کے اقدامات اور منصوبوں کو شامل کیا جاتا ہے اور سعودی عرب ویژن 2030 کے مطابق اس پروگرام میں شامل ہے۔
سعودی عرب کی خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں