کورونا کے خلاف جنگ: ’سعودی عرب تمام اقدامات کر رہا ہے‘
جمعرات 19 مارچ 2020 21:44
شاہ سلمان نے کہا کوروناسے نمٹنے کا اگلا مرحلہ زیادہ مشکل ہو گا (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ سعودی عرب نئے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کر رہا ہے اور کرتا رہے گا۔
جمعرات کو سعودی عوام سے خطاب میں شاہ سلمان نے کہا کہ ’میں آپ لوگوں سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہم بھی پوری دنیا کی طرح مشکل دور سے گزر رہے ہیں اور آنے والا مرحلہ کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے اور زیادہ مشکل ہوگا‘۔
شاہ سلمان نے مزید کہا کہ’ عوام نے کورونا بحران سے نمٹنے کے سلسلے میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے‘۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب کے سرکاری ادارے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی صحت و سلامتی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں اور لاتے رہیں گے‘۔
سعودی فرمانروا نے کہا کہ ’سعودی عرب بھی پوری دنیا کی طرح کورونا وائرس پر قابو پانے کے سلسلے میں مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔ آنے والے ہفتے اس حوالے سے زیادہ مشکل ثابت ہوں گے، تاہم یہ مرحلہ بھی جلد گزر جائے گا‘۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ادویات، خوراک اور دیگر معاشی ضروریات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی‘۔
شاہ سلمان نے یقین دلایا کہ’ ان کی حکومت اپنے عوام اور تارکین کی صحت و عافیت کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھے گی‘۔
شاہ سلمان نے عوام اور غیر ملکیوں سے کہا کہ’ وہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے سلسلے میں سرکاری اداروں کی ہدایات کی مکمل پابندی کریں‘۔
شاہ سلمان نے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی صحت و سلامتی کے لیے انتھک کام کرنے والے طبی عملے اور دیگر اداروں کی خدمات کو سراہا۔
خادم حرمین شریفین نے کہا کہ ’مجھے معلوم ہے کہ ہم لوگ مشکلات کا مقابلہ ایمان و یقین اور اللہ پر توکل کے بل پر کریں گے۔ ہم نے عوام کی صحت و سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر طرح کی قربانی دی ہے‘۔
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں