سارہ علی خان نے مداحوں کے لیے اپنی ورزش کی تصویریں شیئر کی ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)
کورونا وائرس سے بچنے کے لیے دنیا بھر میں لوگوں نے سوشل ڈسٹنسنگ کو اپناتے ہوئے خود کو گھروں میں بند کر لیا ہے۔ دوسری جانب اس مشکل وقت میں مشہور شخصیات نے گھر بیٹھے بیٹھے عوام کو تفریح فراہم کرنا شروع کر دی ہے۔ ہر کوئی سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے لیے نئی نئی ویڈیوز شیئر کر رہا ہے تاکہ انہیں ذہنی اذیت سے بچایا جا سکے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے سندھ میں لاک ڈاؤن کے بعد لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لے لیا۔
کراچی میں لاک ڈاؤن کے موقعے پر شنیرا اکرم نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کی بیٹی عائلہ اپنے والد وسیم اکرم کے بال بنا رہی ہیں۔
شنیرا نے اس وڈیو پر لاک ڈاؤن اور ڈے فور جیسے ہیش ٹیگ بھی استعمال کیے ہیں۔ واضح رہے کہ سندھ بھر میں گذشتہ رات 12 بجے سے لاک ڈاؤن شروع ہو گیا ہے۔
پاکستان کے دیگر گلوکار اور اداکار بھی اپنے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر دلچسپ وڈیوز شیئر کر رہے ہیں جس کا مقصد گھروں میں بند عوام کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنا ہے۔
گلوکار عاصم اظہر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک گانے کی وڈیو شیئر کی جس پر اُنھوں نے کیپشن 'عشق قرنطینہ کیا' لکھ کر اپنے مداحوں کو محظوظ کیا ہے۔
اس کے علاوہ معروف گلوکار علی ظفر نے ایک بار پھر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک وڈیو شیئر کی ہے جس میں اُنھوں نے پنجابی زبان میں اُن لوگوں کو پیغام دیا ہے جو پنجابی کے علاوہ دوسری کوئی زبان نہیں سمجھتے۔ اس وڈیو میں اُنھوں نے پنجاب کے عوام کو بتایا ہے کہ وہ کس طرح کورونا وائرس سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ معروف گلوکار سجاد علی نے بھی چند روز قبل اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر آن لائن کنسرٹ کرانے کا اعلان کیا تھااور اُنھوں نے اپنے مداحوں سے پسندیدہ گانے کی فرمائش کرنے کو بھی کہا تھا۔
دوسری جانب صرف پاکستان ہی نہیں بالی وڈ کے اداکاروں نے بھی اپنے مداحوں کو اس موقع پر متوجہ کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ بالی وڈ اداکار سیف علی خان نے اپنی بیٹی اداکارہ سارہ علی خان کی گھر میں ورک آؤٹ کرنے کا طریقہ سکھانے کی وڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ اپنے گھر کے ایک کمرے میں ورزش کر رہی ہیں۔