Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کورونا وائرس ایک وائرس ہے‘، میرا جی کے مشورے

میرا کے مطابق کورونا کا حل ہلال گوشت کھانا ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا
کورونا وائرس کے شروع ہونے سے لے کر اب تک آپ نے بہت سی احتیاطی تدابیر کے بارے میں جان لیا ہوگا، لیکن پاکستانی فلم سٹار میرا نے جو ’قیمتی‘ مشورے دیے ہیں وہ شاید آپ کے لیے نئے ہوں۔
شوبز انڈسٹری کے بہت سے فنکار کورونا کے حوالے سے آگاہی پھیلا رہے ہیں، لیکن میرا کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ کہہ رہی ہے کہ ’کورونا وائرس ایک وائرس ہے۔‘
انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی ہے کہ یہ وائرس پوری دنیا میں پھیل چکا ہے اور کہا ہے کہ ’کورونا ایک عالمی وبا ہے اور وہ پوری دنیا میں پھیل گئی ہے۔‘
سوشل میڈیا صارفین نے ان کی اس ویڈیو پر طرح طرح کے تبصرے کے ہیں۔ صارفین نے کہا ہے کہ دنیا میں ماہرین اور سائنسدان ابھی تحقیق کر رہے ہیں کہ کورونا وائرس کیوں پھیلا، لیکن میرا نے نتیجہ نکال لیا ہے کہ کورونا کہاں سے اور کیسے پھیلا۔
ویڈیو میں میرا کہہ رہی ہیں کہ ’کورونا چین کے طول و عرض میں پائی جانے والی جانوروں کے گوشت کی مارکیٹوں سے حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے پر پھیلا ہے۔‘
ساتھ ہی ساتھ میرا نے یہ بھی بتا دیا ہے کہ اس وائرس کا علاج کیا ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ ’کورونا سے بچنے کا حل یہ ہے کہ ہلال گوشت کھائیں اور صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں۔‘ حالانکہ وہ پاکستانی جن کے لیے وہ پیغام دے رہی تھیں ان میں سے کوئی حرام گوشت نہیں کھاتا۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس بات پر بھی تنقید کی ہے کہ میرا خود امریکی ریاست اٹلانٹا جانے کے لیے محو سفر ہیں اور اس دوران انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ ’میرا جی آفیشل‘ پر اپنی تصویریں بھی شیئر کی ہیں جن میں وہ گلابی رنگ کا ماسک پہنے کسی ایئرپورٹ پر موجود ہیں، لیکن وہ لوگوں کو مشورے دے رہی ہیں کہ ’سفر سے پرہیز کریں اور گھروں پر رہیں۔‘

انسٹاگرام پوسٹ میں میرا نے لکھا ہے کہ ’میں آگاہی صحت کے پروگرام میں شرکت کے لیے اٹلانٹا جا رہی ہوں۔ میں اہم کام کے لیے جا رہی ہوں لیکن میری آپ سب سے درخواست ہے کہ گھروں میں رہیں۔ پرہیز علاج سے بہتر ہے۔‘

شیئر: