Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں کورونا کے 45 نئے مریض

ایک مریض نے 17 افراد کو کورونا لگایا ہے- فوٹو اے ایف پی
متحدہ عرب امارات میںپیر 23 مارچ کو کورونا وائرس کے مزید 45 مریض ریکارڈ پر آئے ہیں- امارات نے بیرون ملک زیر تعلیم اپنے تمام طلبہ کو سفارتخانوں اور قونصل خانوں سے رابطہ کرکے 48 گھنٹے کے اندر وطن واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے-
امارات کے خبررساں ادارے وام کے مطابق بیرون ملک سرکاری یا نجی خرچ پر تعلیم پانے والے تمام طلبہ کو امارات واپسی کے لیے کہا گیا ہے-

عمان میں پیر کو گیارہ نئے کورونا  مریض سامنے آئے ہیں- فوٹو گلف نیوز

اماراتی محکمہ صحت کی ترجمان فریدہ الحوسنی نے بتایا کہ جس شخص سے سترہ افراد کو نیا کورونا وائرس لگا ہے وہ سفر سے واپس آیا تھا- اسے گھر میں نظر بند کیا گیا تھا تاہم اس نے طبی معائنے کی رپورٹ کا انتظار کیے بغیر رشتہ داروں’ دوستوں اور رفقائے کار سے ملاقاتیں کیں جس سے اس کا وائرس دوسروں میں منتقل ہوگیا-
کورونا وائرس کے نئے مریضوں کا تعلق فلپائن’ عراق’ تیونس’ شام’ کویت’ اٹلی’ پیرو’ ایتھوپیا’ لبنان’ صومالیہ ’ برطانیہ’ سوڈان’ مصر ’ آئرلینڈ’ روس’ مونٹی نیگرو’ فرانس’ کینیڈا’  بنگلہ دیش’ پاکستان ’ امریکہ’ انڈیا اور امارات سے ہے-
مسقط ڈیلی کے مطابق عمان کی وزارت صحت نے اعلامیہ جاری کرکے بتایا ہے کہ پیر کو گیارہ نئے مریض ریکارڈ پرآئے ہیں-
آرٹی کے مطابق سوڈانی حکام نے کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے پورے ملک میں کرفیو لگادیا- عمل درآمد منگل سے تا اطلاع ثانی ہوگا- شہروں اور صوبوں کے درمیان بس سروس بھی معطل کردی گئی-
 الجزائر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 230 تک پہنچ گئی ہے- الجزائر میں اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہوکر 17افراد مر چکے ہیں- پیر کو کسی کے مرنے کی اطلاع نہیں- الجزائر میں نوے فیصد کورونا میں مبتلا افراد کا تعلق بیرون ملک سے ہے-

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: