Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں آن آرائیول ویزے کا اجرا بھی بند

اماراتی شہریوں کے بیرون ملک سفر پربھی تا اطلاع ثانی پابندی ہوگی۔(فوٹو عرب نیوز)
متحدہ عرب امارات نے تمام ممالک کے شہریوں کے لیے تمام ائیر پورٹس اور بری سرحدی چوکیوں پر آن آرئیول ویزوں کا اجرا عارضی طور پر روک دیا ہے۔ اس سے سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے مستثنی ہوں گے۔
 یہ پابندی پیشگی ویزا کے حصول سے مستثنی ممالک کے شہریوں پربھی لاگو ہوگی۔امارات نے اپنے شہریوں کے بیرون ملک سفر پربھی تا اطلاع ثانی پابندی عائد کردی ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق اماراتی وزارت خارجہ و عالمی تعاون نے اعلان کیا ہے کہ’ ملک کے ادارہ قومیت و شہریت نے فیصلہ کیا ہے کہ جمعرات 19مارچ  کی صبح سے کسی بھی ملک کے شہری کو امارات کے کسی بھی ائیرپورٹ ،بندرگاہ یا بری سرحدی چوکی سے ویزا جاری نہیں کیا جائے گا‘۔
یہ پابندی کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لیے عارضی طور پر لگائی گئی ہے۔
امارات کے ادارہ قومیت و شہریت نے بیان میں کہا کہ’ آئندہ جو غیر ملکی امارات کے لیے سفر کریں گے ان کا طبی معائنہ اسی ملک میں ضروری ہوگا جہاں سے وہ سفر کررہے ہوں گے۔ یہ اضافی احتیاط کورونا وائرس سے بچاﺅ کی خاطر لگائی جارہی ہے‘۔

پابندی کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لیے عارضی طور پر لگائی گئی ہے۔(فوٹو سوشل میڈیا)

 اماراتی شہریوں کے بیرونی سفر پر پابندی پر عمل درآمد 18مارچ سے شروع کردیا گیا۔ پابندی تا اطلاع ثانی جاری رہے گی۔ 
الامارات الیوم نے امارات کے خبررساں ادارے وام کے حوالے سے بتایا کہ حکومت نے نیا اقدام دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاﺅ سے متعلق ملکی اوربین الاقوامی پابندیوں کے تناظر میں کیا ہے۔
امارات میں بحرانوں اور ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے قائم ادارے الوطنیہ کے مطابق امارات میں کورونا وائرس سے بچاﺅ کی احتیاطی تدبیر کے طور پر ہیلی کاپٹروں سے جراثیم کش ادویہ کے سپرے کا کوئی پروگرام نہیں۔ اس حوالے سے جو دعوے کیے جارہے ہیں وہ افواہوں پر مبنی ہیں۔
 

شیئر: