Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

1984 کے بعد پہلی مرتبہ اولمپکس ملتوی

اولمپکس گیمز 24 جولائی سے 9 اگست تک جاپان میں منعقد ہونی تھیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث ٹوکیو اولمپکس 2020 آئندہ سال تک کے لیے ملتوی کر دی گئی ہے۔
انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے منگل کو اولپکس گیمز ملتوی کرنے کا اعلان کیا، جو 24 جولائی سے 9 اگست تک جاپان میں منعقد ہونی تھیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اولمپکس کمیٹی کے چیئرمین تھامس باخ اور جاپانی وزیراعظم شنزو ایبے کے مابین ٹیلی فون پر گفتگو کے بعد اولمپکس ملتوی کرنے کا مشترکہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
جاپانی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کھیلوں کی تاریخ تبدیل کرنے کے فیصلے کی اولمپکس کمیٹی کے چیئر مین تھامس باخ نے ’ایک سو فیصد حمایت‘ کی ہیں۔
جاپانی وزیراعظم اور اولمپکس کمیٹی کی جانب سے جاری کیے گئے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی معلومات کو مدنظر رکھتے ہوئے اولمپکس ملتوی کرکے سال 2021 کے موسم سرما میں  منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ ایتھلٹس، دیگر متعلقہ افراد اور انٹرنیشنل کمیونٹی کی صحت کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
اعلامیے میں اس فیصلے کا بھی اعلان کیا گیا ہے کہ اولمپکس مشعل جاپان میں ہی رہے گی، اور اس کا نام ’اولمپک اینڈ پیرا اولمپکس گیمز ٹوکیو 2020‘ تبدیل نہیں کیا جائے گا۔ 
اس سے قبل مختلف مواقع پر اولمپکس کا بائیکاٹ کیا گیا اور یہ گیمز دہشت گرد حملوں اور مظاہروں کا بھی نشانہ بنی لیکن ان واقعات کے باوجود 1982 سے اب تک مسلسل ہر چار سال بعد اولپمکس گیمز منعقد ہوتی رہی۔ کورونا وائرس کے باعث معطل ہونے والا یہ سب سے بڑا ایونٹ ہے۔

شیئر: