عالمی شخصیات بھی کورونا وائرس کے وار سے محفوظ نہیں (فوٹو:سوشل میڈیا)
برطانیہ کے شہزادہ چارلس کے علاوہ دنیا بھر کی کئی مشہور شخصیات بھی کورنا وائرس کا شکار ہوئی ہیں ان میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ایسی شخصیات بھی شامل ہیں جنہوں نے اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر دنیا میں اپنا مقام بنایا۔
کورونا کا شکار ہونے والے فن کی دنیا کے روشن ستارے:
فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق افریقی سیکسوفون لیجنڈ 86 سالہ منو دیبانگو منگل کو کورونا وائرس کا شکار ہو کر انتقال کرجانے والے پہلے عالمی ستاروں میں سے ایک ہیں۔
منو دیبانگو کورونا وائرس کا شکار ہو کر انتقال کرجانے والے پہلے عالمی شخصیت ہیں (فوٹو:سوشل میڈیا)
معروف امریکی ڈرامہ نگار ٹیرنس میکنیلی بھی منگل کو کوووڈ 19 کی وجہ سے صحت بگڑ جانے پر 81 سال کی عمر میں دم توڑ گئے۔
ٹیرنس میکنیلی بھی کورونا وائرس سے متاثر ہونے والی عالمی شخصیت تھے (فوٹو:سوشل میڈیا)
کانگو کے لیجنڈری گلوکار اور موسیقار اورلوس مابیلی گذشتہ ہفتے پیرس میں 67 برس کی عمر میں اس مہلک وائرس میں مبتلا ہو کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
لیجنڈری گلوکار اور موسیقار اورلوس مابیلی بھی کورونا وائرس میں مبتلا تھے (فوٹو:سوشل میڈیا)
سپین کے اوپرا گلوکار پلیسیڈو ڈومینگو نے اتوار کو بتایا تھا کہ ان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ اچھی حالت میں ہیں۔
اوپرا گلوکار پلیسیڈو ڈومینگو کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا (فوٹو:سوشل میڈیا)
ہالی وڈ کے مایہ ناز فلم ساز ہاروے وینسٹین جو زنا اور جنسی ہراسانی کے الزامات پر 23 سال قید کی سزاسنائے جانے کے بعد نیویارک کی جیل میں ہیں،ان کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
فلم ساز ہاروے وینسٹین کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)
آسکر ایوارڈ یافتہ ہالی وڈ اداکار ٹام ہینکس اور ان کی اہلیہ ریٹا ویلسن میں بھی کورونا کی تصدیق ہوئی تھی تاہم انہوں نے پیر کو کہا تھا کہ آسٹریلیا میں دو ہفتے قرنطینہ میں رہنے کے بعد اب وہ بہتر ہیں۔
ہالی وڈ اداکار ٹام ہینکس اور ان کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ ان کی طبیعت اب پہلے سے بہتر ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)
کورونا سے متاثرہ سیاسی شخصیات:
کورونا وائرس نے کئی عالمی سیاسی رہنماوں کو بھی اپنے شکنجے میں لے رکھا ہے۔ برطانیہ کے شہزادہ چارلس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ بدھ کو شاہی خاندان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں شہزادہ چارلس کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
71 شہزادہ چارلس میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 71 سالہ شہزادہ چارلس میں کورونا کی ہلکی علامات ظاہر ہوئی ہیں تاہم وہ اچھی صحت میں ہیں۔
جسٹن ٹروڈو نے خود کو قرنطینہ کررکھا ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)
کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنی اہلیہ میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد 13 مارچ سے خود کو قرنطینہ کررکھا ہے۔
موناکو کے شہزادے البرٹ دوئم کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)
یورپی ریاست موناکو کے شہزادہ البرٹ دوئم بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔
19 مارچ کو موناکو کے شاہی محل سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ شہزادہ البرٹ دوم کے کرونا کے ٹیسٹ کی رپورٹ پازیٹو آئی ہے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ وہ حکومتی امور اپنی نجی رہائش گاہ سے جاری رکھ سکتے ہیں۔
جرمن چانسر انجیلا مرکل نے بھی خود کو قرنطینہ کرلیا (فوٹو:سوشل میڈیا)
جرمن چانسلر انجیلا مرکل کا پیر کو کورونا کا پہلا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ انہوں نے اپنے ڈاکٹر میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا تھا۔
سویڈن کی سترہ سالہ ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ نے منگل کو شبہ ظاہر کیا تھا کہ وہ بھی اس مہلک وائرس سے متاثر ہوئی ہیں۔
انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاونٹ پر لکھا تھا کہ یورپ کے سفر کے بعد وہ خود کو بیمار محسوس کررہی تھیں۔ سردی، گلے میں درد اور کھانسی کی شکایت پر انہوں نے خود کو تنہا رکھا تاہم اب وہ بہتر ہیں۔