Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانوی وزیر صحت بھی کورونا کا شکار، آدھی دنیا متاثر

برطانیہ میں کورونا سے اب تک چھ افراد ہلاک جبکہ 370 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی 
چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس نے اب آدھی دنیا میں ایک لاکھ سے زائد افراد کو متاثر کر لیا ہے جبکہ برطانیہ کی وزیر صحت ندین ڈوریز کا کورونا وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا ہے جس کے بعد ملک میں تشویش ہے کہ کیا دیگر اعلیٰ سرکاری حکام بھی اس وبا کا شکار ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو جاری کیے گئے ایک بیان میں برطانوی وزیر صحت نے تصدیق کی کہ ان کے کورونا وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔
اے ایف پی نے ’دی ٹائمز‘ کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیر صحت برطانوی وزیراعظم بورس جانسن سمیت سینکڑوں افراد سے ملیں۔
وزیر صحت ندین ڈوریز کے بیان کے مطابق ’میں یہ تصدیق کرتی ہوں کہ میرا کورونا کا ٹیسٹ مثبت ہے، اور میں نے خود کو گھر تک محدود کر لیا ہے۔‘

 

اے ایف پی کے مطابق برطانوی وزیر صحت کی طبیعت اس وقت خراب ہوئی جب وہ ایک ایسے قانونی مسودے پر دستخط کر رہی تھیں جس میں کورونا کو بیماری قرار دیتے ہوئے کمپنیوں کو متاثرہ افراد کی انشورنس کا پابند کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق وزیر صحت ندین ڈوریز اب صحت یابی کی جانب گامزن ہیں۔
محکمہ صحت کے حکام اب اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش میں ہیں کہ وزیر صحت کو وائرس کہاں سے لگا اور وہ کن شخصیات سے ملیں۔
اے ایف پی کے مطابق برطانیہ میں کورونا سے اب تک چھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 370 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ادھر ترکی نے اپنے ملک میں کورونا کے پہلے مریض کی تصدیق کی ہے۔ حکام کے مطابق مذکورہ شخص نے حال ہی میں یورپ کا سفر کیا ہے۔
کورونا سے چین کے بعد اٹلی سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں کورونا کے نو ہزار 172 کیسز سامنے آئے ہیں اور 631 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اٹلی کی حکومت نے اپنے چھ کروڑ شہریوں سے کہا ہے کہ وہ ’گھروں میں رہیں۔‘
اے ایف پی کے مطابق دنیا بھر میں کورونا سے اب تک چار ہزار دو سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

شیئر: