Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

علی سیٹھی اور فریدہ خانم کے میوزک سیشن پر تنقید کیوں؟

سوشل ڈسٹنسنگ کے دوران علی سیٹھی لائیو میوزک سیشنز کر رہے ہیں (فوٹو سوشل میڈیا)
کورونا وائرس کے پیش نظر معاشرتی دوری کی وجہ سے لوگوں نے انٹرنیٹ پر زیادہ وقت صرف کرنا شروع کیا تو مختلف سیلیبریٹیز نے بھی اپنے فینز سے رابطے کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال بڑھا دیا ہے۔
کچھ ایسی ہی کوشش پاکستانی مصنف اور گلوکار علی سیٹھی کی جانب سے بھی کی گئی لیکن ایک جملے نے انہیں سوشل میڈیا کی تعریف سے زیادہ تنقید کے نشانے پر لا کھڑا کیا۔
نیو یارک میں سیلف آئسولیشن میں وقت گزار رہے علی سیٹھی کئی روز سے لائیو میوزک سیشنز منعقد کر رہے ہیں۔ گذشتہ روز منعقد کیے گئے ایسے ہی ایک سیشن میں انہوں نے انڈین گلوکارہ ریکھا اور پاکستانی گلوکارہ فریدہ خانم کے ساتھ انسٹاگرام پر آن لائن سیشن کا اہتمام کیا۔ اس سیشن میں ریکھا کے شوہر وشال بھردواج بھی شریک رہے جو فلم ڈائریکٹر ہیں۔
ٹیلی ویژن میزبان جوڑے نجم سیٹھی اور جگنو محسن کے 35 سالہ صاحبزادے علی سیٹھی ان لائیو سیشنز کے دوران کمنٹس کرنے والے فینز کے تبصرے پڑھتے اور انہیں جواب دیتے ہیں۔

ایسا ہی ایک کمنٹ پڑھتے ہوئے علی سیٹھی نے تبصرہ نگار کا نام لیا اور پھر کمنٹ پڑھا جس میں نامناسب لفظ استعمال کیا گیا تھا اور فورا ہی وہی گالی تبصرہ نگار کے پورے خاندان کے لیے استعمال کر ڈالی۔
اس مرحلے پر سوشل میڈیا پر جاری گفتگو نے کروٹ لی اور وہ علی سیٹھی کی گلوکاری سے ہٹ کر ان پر کیے گئے تبصرے اور جواب پر مرکوز ہو گئی۔ متعدد صارفین نے اس پر ناپسندیدگی کا اظہار بھی کیا۔

اسی گفتگو کے دوران سوشل میڈیا صارفین اپنے پسندیدہ گلوکاروں اور بینڈز کے تذکرے کرتے اور دوسروں کو اپنی پسند بتانے کا بھی کہتے رہے۔

انڈین صحافی نے سدھارتھ نامی اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر علی سیٹھی، فریدہ خانم اور ریکھا بھردواج کے انسٹاگرام لائیو کا ذکر کرتے ہوئے اسے ’لاک ڈاؤن بلیوز‘ سے تعبیر کیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے علی سیٹھی کی جانب سے گالی کے جواب میں گالی پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا تو کچھ ایسے بھی تھے جن کا کہنا تھا کہ ’کوئی مسئلہ نہیں، علی سیٹھی ٹرولز کو کبھی کبھار انہی کی زبان میں جواب دے دیتے ہیں۔

دی ڈمب میڈیکو نامی ہینڈل نے لکھا کہ علی سیٹھی غم کی گھڑیوں میں ان کے لیے سہولت کا سامان ہوتے ہیں۔

لائیو میوزک سیشن کی میزبانی کرنے پر ملکہ غزل کے لقب سے پکارے جانے والی پاکستانی گلوکارہ فریدہ خانم اور انڈین گلوکارہ ریکھا بھردواج  نے علی سیٹھی کی تعریف کی۔
لائیو میوزک سیشن کے دوران فریدہ خانم نے اپنی مشہور غزل ’آج جانے کی ضد نہ کرو‘ گائی جب کہ ریکھا بھردواج نے بالی وڈ گلم برفی کا گانا ’پھر لے آیا دل‘ گا کر سنایا۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: