Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پولیس کا سلیوٹ 'ایک تاریخی لمحہ'

ڈاکٹروں کو سلیوٹ کرنے کا حکم آئی جی سندھ پولیس نے دیا ہے (فوٹو: یو این ایچ سی آر)
اپنے گھر والوں اور خاندان سے دور انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔'فرنٹ لائن سپاہی' کہلانے والے ڈاکٹرز جو دنیا بھر میں کورونا وائرس کے خلاف مہم میں سب سے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
جہاں دنیا بھر میں ڈاکٹرز اور طبی شعبے سے منسلک تمام پیرامیڈیکل سٹاف کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے وہیں کراچی کے علاقے کلفٹن بوٹ بیسن کے قریب پولیس اہلکاروں کی جانب سے ڈاکٹرز کو سلیوٹ کیا گیا۔
آئی جی پولیس سندھ کی جانب سے ڈیوٹی دینے والے تمام پولیس اہلکاروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ جس بھی ڈاکٹر کو دیکھیں، انہیں سلیوٹ کریں کیونکہ وہ کورونا کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

 

پولیس حکام کے مطابق اس وقت ڈاکٹروں پر بہت بھاری ذمہ داری عائد ہے اور جس طرح وہ اپنا کام کر رہے ہیں وہ قابل تعریف ہے، اس لیے ان کو سلیوٹ کرنا چاہیے۔
پولیس اہلکاروں کی جانب سے ڈاکٹروں کو سلیوٹ کرنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہیں اور لوگ بڑی تعداد میں سندھ پولیس کے اس قدم کو سراہ رہے ہیں۔
ٹوئٹر صارف ماجد آغا کا کہنا تھا کہ 'مشکل ترین وقت کا تاریخی لمحہ جس میں سندھ پولیس کی جانب سے ڈاکٹروں کو عزت اور تکریم سے سلیوٹ پیش کیا جا رہا ہے۔
ایک اور ٹوئٹر صارف غلام حسین نے لکھا کہ 'ڈاکٹرز ہر دور کے ہیرو ہیں، جنگوں سے لے کر وباؤں تک یہ انسانوں کو بچاتے ہیں۔'

نہ صرف پاکستان بلکہ اٹلی اور چین میں انتہائی نگہداشت یونٹس میں 24 گھنٹے کام کرنے والے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلسل ماسک پہننے کی وجہ سے اُن کے چہروں پر زخم بن گئے ہیں۔

ٹوئٹر صارف اشوک ادھانو کا کہنا تھا کہ 'مشکل وقت میں صرف اس طرح کے جذبات ہی حوصلہ بڑھا سکتے ہیں، یہ فرنٹ لائن پر کام کرنے ڈاکٹرز اس کے حقدار ہیں اور ہم میں سے کوئی بھی اگر ان سے ملے تو ہمیں بھی یہی کرنا چاہیے۔

چند روز قبل ہی پاکستان کے شمالی علاقے گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان ڈاکٹر اسامہ ریاض مریضوں کی سکریننگ کے فرائض سرانجام دیتے ہوئے خود کورونا وائرس کا شکار ہونے کے باعث ہلاک ہو گئے تھے۔
ڈاکٹروں کی انہی خدمات کے اعتراف میں سوشل میڈیا صارفین انہیں فرشتے اور انسانیت کے محسن قرار دے رہے ہیں۔

شیئر: