ایک لاکھ 70 ہزار کا نتیجہ تسلی بخش رہا-(فوٹو العربیہ)
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ خود کار کورونا ٹیسٹ سسٹم (مووید ایپلی کیشن )سے ایک لاکھ 76 ہزار غیرملکیوں اور سعودیوں نے فائدہ اٹھایا ہے۔
ان میں ایک لاکھ 70 ہزار کا نتیجہ تسلی بخش رہا- بیس افراد متاثر پائے گئے-
ریاض میں پریس کانفرنس کے دوران وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’جو افراد مرحلے میں تھے فوری طور پران کا علاج کردیا گیا۔‘
’صحیح وقت پر وائرس سے متاثر ہونے کا پتہ لگنے کی وجہ سے علاج آسانی سے کرلیا گیا۔‘
2700 افراد ایسے تھے جو درمیانے درجے سے زیادہ وائرس کے خطرات کا شکار ہوچکے تھے- ان سے رابطہ کیا جارہا ہے تاکہ ان کا فائنل ٹیسٹ کرکے انہیں مطلوبہ صحت خدمات فراہم کی جاسکیں-
وزارت صحت کے ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ کورونا کے خود کار ٹیسٹ سسٹم سے فائدہ اٹھانے والے 3 ہزار افراد ایسے ہیں جو وائرس کےحوالے سے متوسط درجے کے خطرے میں مبتلا ہیں-
ترجمان کے مطابق اس کا امکان ہے کہ ان کے یہاں پائی جانے والی علامتیں کورونا لگ جانے کی ہی ہوں-
یاد رہے کہ جمعے کو سعودی وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ملک میں نئے کورونا وائرس کے 92 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ کورونا کے مجموعی کیسوں کی تعداد 1104 تک ہوگئی ہے۔
ترجمان وزارت صحت کا کہنا تھا کہ نئے دریافت ہونے والے مریضوں میں سے دس بیرون ملک سے آئے تھے جبکہ 82 مریض لوکل کیریئر کے ذریعے اس مرض میں مبتلا ہوئے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے جاری احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائےتاکہ اس مہلک وائرس پر قابو پایا جا سکے۔