غیراخلاقی ویڈیو وائرل، دوخواتین سمیت 12 افراد گرفتار
غیراخلاقی ویڈیو وائرل، دوخواتین سمیت 12 افراد گرفتار
اتوار 29 مارچ 2020 21:12
گرفتار شدگان کو پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دے دیا گیا(فوٹو سوشل میڈیا)
ریاض پولیس نے غیراخلاقی ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پردو خواتین سمیت 12 افراد کو گرفتار کرلیا-
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ریاض پولیس کے ترجمان شاکر التویجری نے بتایا کہ ’اخلاق سوز ویڈیو وائرل ہوتے ہی پولیس کے ماتحت فیلڈ کنٹرول اور تکنیکی امورکا ماہر دستہ حرکت میں آگیا۔‘
’ویڈیو کلپ جاری کرنے والے کی نشاندہی کرکے تمام ملوث افراد کی تلاش شروع کردی گئی۔‘
ویڈیو میں ایک شخص کو فخریہ انداز میں اخلاق سوز حرکت کا اعتراف کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے- پولیس نے ویڈیو سے تعلق رکھنے والے تمام افراد جن میں دوخواتین شامل تھیں گرفتار کرلیا-
ترجمان کے مطابق ’ویڈیو کلپ جاری کرنے والا ریاض کےایک ہوٹل میں کئی افراد کےساتھ نشہ اورحیا سوز زبان استعمال کرتے ہوئے پایا گیا۔‘
’اس نے سکیورٹی اہلکاروں کو گمراہ کرنے کے لیے مختلف حیلے بہانے اختیار کیے۔ ریاض شہر کے مختلف محلوں میں ٹھکانے بدلتا رہا۔‘
شاکرالتویجری نے بتایا کہ سراغ رساں ٹیم کی مدد سے ٹھکانہ دریافت کرکے حراست میں لیا گیا- گرفتاری کے وقت وہ مشرقی ریاض کےالقادسیہ محلے میں فرنشڈ اپارٹمنٹ میں ایک خاتون کےساتھ موجود تھا-
پولیس ترجمان کےمطابق تفتیش سے پتہ چلا کہ اس معاملے میں 10 دیگر افراد بھی ملوث ہیں- تمام سعودی شہری تھے-
التویجری نے بتایا کہ گرفتار شدگان کے قبضے سے شراب اور نشہ آور اشیا برآمد ہوئی ہیں-
قانونی کارروائی کے لیے دونوں عورتوں سمیت 12 افراد کو پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دے دیا گیا۔