Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سندھ میں تبلیغی مراکز قرنطینہ میں تبدیل

محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق رائیونڈ مرکز کے اندر 700 کے قریب افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے (فوٹو:اے ایف پی)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے داراحکومت لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے تبلیغی جماعت کے مرکز رائیونڈ کی ملحقہ آبادیوں کا مکمل لاک ڈاون کر دیا ہے جبکہ صوبہ سندھ میں تمام تبلیغی مراکز کو قرنطینہ میں تبدیل کردیا گیا ہے۔
اردو نیوز کے نامہ نگار رائے شاہنوار کے مطابق لاہور میں اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ عدنان رشید نے بتایا ہے کہ رائیونڈ مرکز کو پہلے ہی قرنطینہ میں تبدیل کیا جا چکا ہے، وائرس کے پھیلاو کے خطرے کے پیش نظر باہر سے آنے والے کسی بھی فرد کو مرکز میں جانے کی اجازت نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 'ضلعی انتظامیہ کے پاس  لاک ڈاون کی گئی آبادی اور اس کے باسیوں کے لیے خوراک کا ذخیرہ موجود ہے۔'
اس سے پہلے محکمہ صحت کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق رائیونڈ مرکز کے اندر 700 کے قریب افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جن میں سے 26 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جبکہ دیگر کے نتائج  آنا باقی ہیں۔

لاہور کے رائیونڈ مرکز کو پہلے ہی قرنطینہ میں تبدیل کیا جا چکا ہے (فوٹو:اے ایف پی)

ادھر سندھ میں پولیس حکام نے صوبے کے مختلف اضلاع میں موجود تبلیغی جماعت کے ممبران سے اپیل کی ہے کہ وہ خود کو مراکز کے اندر محدود کر لیں، ساتھ ہی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ تمام تبلیغی مراکز کو قرنطینہ تصور کیا جائے گا۔
اردو نیوز کے نامہ نگار توصیف رضی ملک کے مطابق انسپکٹر جنرل سندھ پولیس مشتاق مہر کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی اور ڈی آئی جی کو جاری کردہ ہدایت نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ 'صوبے بھر کے مختلف علاقوں میں قائم تبلیغی مراکز اور مساجد کو قرنطینہ مرکز تصور کیا جائے گا، اس بات کا خیال رکھا جائے کہ نہ تو ان مراکز سے کوئی شخص باہر آئے اور نہ ہی نئے لوگ ان مراکز کے اندر داخل ہوں۔'
اے آئی جی آپریشنز ڈاکٹر اسد اعجاز نے اس حوالے سے تمام ایس ایس پیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور محکمہ صحت کے ارکان کے تعاون سے تبلیغی جماعت کے مراکز میں راشن اور اشیاء ضرورت کی بروقت ترسیل یقینی بنائیں۔

سندھ پولیس نے صوبے کے مختلف اضلاع میں موجود تبلیغی جماعت کے ممبران سے اپیل کی ہے کہ وہ خود کو مراکز کے اندر محدود کر لیں (فوٹو:اے ایف پی)

یہ احکامات تبلیغی جماعت کے ممبران میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے تناظر میں جاری کیے گئے ہیں۔ محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق حیدرآباد میں تبلیغی جماعت کے 18 سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس میں ایک چینی شہری بھی شامل ہےجس کے بعد حیدرآباد کے تبلیغی مرکز کو سیل کر کے اسے قرنطینہ کا درجہ دے دیا گیا تھا۔
علاؤہ ازیں، سکھر اور لاڑکانہ میں قائم تبلیغی جماعت کے بڑے مراکز کو پہلے ہی قرنطینہ میں تبدیل کردیا گیا ہے۔
اے آئی جی آپریشنز ڈاکٹر اسد اعجاز نے حکم دیا ہے کہ تبلیغی مراکز میں موجود افراد کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے اور ان کی فہرست بنا کر بھیجی جائیں جبکہ پولیس افسران اپنے علاقوں میں موجود تبلیغی جماعت سے وابستہ افراد کو ٹریس کر کے انہیں بھی گھروں میں آئسولیشن میں رہنے کی ہدایت کریں۔

شیئر: